جرعات جب سے دنیا میں انسانی آبادی کا وجود ظاہر ہوا تب سے یہ آبادی یہاں گونا گوں مسائل کا شکار ہوتی رہی ہے۔ ان مسائل میں بھوک اور فاقہ کشی کا مسئلہ ہمیشہ سر فہرست رہا ہے۔ کبھی قدرتی آفات کی وجہ سے تو کبھی آپسی جنگ و جدل کے سبب اور کبھی قدرت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے نتیجے میں ایسے ایسے حالات پیدا ہوئے کہ انسان ایک ایک دانےکو ترس گیا، بڑی بڑی آبادیاں بھوک اور فاقہ کشی میں مبتلا ہوکے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر صفحہ ہستی سے مٹ گئیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ حالانکہ دنیا آج ترقی کی جس منزل ہر پہنچ چکی ہے اس کا تصور بھی کچھ دہائیوں پہلے محال تھا۔ صنعتی انقلاب کے نتیجے میں عقل کو حیران کرنے والے سائنسی ایجادات نے انسانی آبادیوں پر آرام و آسائش کے ایسے ایسے دروازے وا کردئے ہیں کہ اس دنیا پر جنت کا گمان ہونے لگا ہے، اس کے باوجود کئی انسانی مسائل جوں کے توں آج بھی حل طلب نظر آرہے ہیں۔ ان میں بھوک اور فاقہ کشی کا مسئلہ ہمیشہ کی طرح سر فہرست ہے۔ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی ایک رپورٹ The State of Food Security and Nutrition in the World (SOFI)2021 کے مطابق دنیا بھر میں سن 2020 میں 768 ملین افراد غذائ...