تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی

٭گوا : میں ایک مندر گیا، دیوی دیوتاؤں سے پوچھا کہ یہ (بی جے پی میں شامل ہونا) میرے ذہن میں ہے، مجھے کیا کرنا چاہیے. انہوں نے کہا، آپ آگے بڑھیں، فکر نہ کریں۔۔۔ کانگریس کے سابق ایم ایل اے دگمبر کامت، بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد جادو وہ جو سر چڑھ کر بولے، اچھا ہوا ساتھ میں اوتار یا بھگوان ہونے کا دعویٰ نہیں پیش کر دیا، اگر وہ بھی پیش کر دیتے تو کوئی ان کا کیا بگاڑ لیتا۔ حیراں ہوں دل کو روؤں کہ پیٹوں جگر کو میں مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گر کو میں ٭ بی جے پی ایک بار پھر گجرات میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔۔۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اگر ایسا ہوا تو اس بار یہ "آپ" کی مہربانی ہوگی۔ ٭ روس کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ اگر امریکہ نے کیف (یوکرین) کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تو وہ "سرخ لکیر" عبور کر کے "تنازع کا فریق" بن جائے گا۔ ایک بریفنگ میں، وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے مزید کہا کہ روس "اپنی سرزمین کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے"۔۔۔ ریوٹرس اپنے سیاسی مفادات کا تحفظ کرنے اور ہدف حاصل کر نے کے لئے یہ صرف گیڈر بھپکیاں ہیں۔ یہ دونوں نام نہاد عالمی طاقتیں کبھی بھی راست مقابلہ پر نہیں آئیں گی، انہیں ایک دوسرے پر وار کرنےکے لئے اوروں کے کاندھوں کی بہت ضرورت ہے۔ ٭اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے واضح طور پر کہا کہ جاری بھارت جوڑو یاترا اپوزیشن اتحاد کے لئے نہیں بلکہ کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے کی جا رہی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس اس کے باوجود کانگریس کو ڈوبتی کشتی سمجھ کر اس میں موجود چوہے تیزی سے کود کر بھاگنے لگے ہیں۔ اس یاترا سے کانگریس مضبوط ہوگی یا نہیں یہ دوسری بات ہے، لیکن اس میں موجود منافق اور ابن الوقت لوگوں کے چہرے کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔ ٭ ہندی کو زبان کے طور پر مسلط کرنے کے علاوہ، بی جے پی حکومت یہ غلط تصور مسلط کر رہی ہے کہ صرف ہندی ہی ہندوستان کے لوگوں کو متحد کر سکتی ہے۔ حالانکہ ہندی کے ساتھ ترجیحی سلوک مختلف ریاستوں کے لوگوں میں ناپسندیدگی و ناراضگی پیدا کرتا ہے اور انہیں تقسیم کرتا ہے۔۔۔ وزیر اعلیٰ ٹمل ناڈو یم اکے اسٹالین صرف یہی نہیں، بی جے پی اور بھی بہت سارے غلط تصورات ہندوستانی سماج پر مسلط کر رہی ہے، پتہ نہیں آگے چل کر یہ اور کیا کیا گُل کھلانے والی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کب تک عوام اس کو برداشت کر تے ہیں اور کب اس کی اصلیت کی تہہ تک پہنچتے ہیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ سمجھ آتے آتے بہت دیر ہوجائے اور " اب پچھتائے کیا ہوت، جب چڑیا گئی کھیت" جیسا معاملہ ہوجائے۔ اگر ایسا ہوا تو ملک کے لئے یہ بہت برا ہوگا۔ ٭ نئی انٹیلی جنس رپورٹوں کے مطابق ماسکو نے عالمی سیاست پر درپردہ اثر انداز ہونے کے لیے دنیا بھر میں دوست جماعتوں کو کافی بھاری رقوم دی ہیں۔ امریکہ کا خیال ہے روس ابھی مزید کروڑوں ڈالر کی ایسی فنڈنگ کرے گا۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو یعنی انکل سام آئی ایم ایف کو یرغمال بنا کر جن حرکات کے مرتکب ہوتے رہے ہیں اب وہ ماسکو راست کررہا ہے۔ انکل سام کو یقیناً یہ بات بری لگتی ہوگی لیکن دنیا کے بہت سارے ممالک کے تو وارے نیارے ہورہے ہیں۔ ٭ بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ نفرت کا نظریہ ہے اور وہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں، ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت، رواداری کی طاقت کو چھین رہے ہیں۔ مہاتما گاندھی نے عدم تشدد سے ایک سپر پاور کو شکست دی، یہی ہندوستان کی اصل طاقت ہے۔۔۔ کانگریس ایم پی راہول گاندھی بات تو سولہ آنے صحیح ہے لیکن جب تک عوام کو اس کا ادراک ہوگا شاید بہت دیر ہو جائے بقول غالب ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن خاک ہو جائیں گے ہم تم کو خبر ہوتے تک ٭دہلی میں مبینہ شراب گھپلے کے سلسلے میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے خلاف ایک تازہ دھماکہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ایک اور اسٹنگ آپریشن کا ویڈیو جاری کیا اور دعویٰ کیا کہ پوری پالیسی گھپلے کے لئے تیار کی گئی تھی۔۔۔ یو این آئی اگر ایسا ہے تو مرکزی حکومت کی گدی پر براجمان بی جے پی، دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت کو برخاست کر کے اس کے لیڈروں پر کاروائی کیوں نہیں کر تی؟ سب سیاست ہے عوام کو الو بنانے کی سیاست اور جب تک عوام الو بنتے رہیں گے یہ سیاست یونہی چلتی رہے گی۔ ٭ آرمینیا نے آذربائیجان کی سرحد کے قریب کیمپ لگا لئے، بھاری اسلحہ سرحد پر پہنچا دیا، دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں اب تک 100 سے زائد فوجی مارے گئے ہیں، 2020 میں آذربائیجان نے کاراباخ جنگ میں آرمینیا سے اپنے علاقے فتح کئے تھے، اب دو سال بعد دوبارہ جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں۔۔۔ ترکیہ اردو ممکن ہے انسان خلاؤں کو تسخیر کر لے، ستاروں پر کمندیں لگا کر وہاں بستیاں بسا لے لیکن زمین کے ٹکڑوں کے لئے وہ جنگ کرنے سے کبھی بھی باز نہیں آئے گا، کیونکہ یہ اس کی فطرت کا حصہ ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی