تلخ و تُرش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ



       
٭جمعیتہ علماء ہند نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر کے میڈیا کے ایک طبقہ پر فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ تبلیغی جماعت والے واقعے کا استعمال پوری مسلم کمیونٹی کو قصواوار ٹھرانے کے لئے کیا جارہا ہے۔۔۔ ایک خبر
جمعیتہ العلماء کی اس پہل پر بے اختیار داد دینے کو جی چاہتا ہے۔ کچھ تو حرکت ہونی چاہئے، بھلے سے نتیجہ کچھ بھی کیوں نہ نکلے۔ چچا غالب نے ایسے ہی موقعوں کے لئے کہا ہے
ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن
دل کے خوش رکھنے کو غالبؔ یہ خیال اچھا ہے
٭لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد میں اضافہ، خواتین کے لئے ایک اور امتحان۔۔۔ ایک سنجیدہ خبر
اس گھریلو تشدد میں پہل کس کی تھی، کس نے کسے زیادہ نشانہ بنایا اوراس اضافہ کی وجہ سے فائدہ کسے پہنچا اس پر تحقیق ہونا چاہئیے، کیا خیال ہے!!!
٭کورونا بحران، مذہب اور ذات پات کے اختلاف کو چھوڑ کر متحد ہونے کا ایک موقع ہے۔۔۔ شری راہل گاندھی
بیچارے راہل جی! بی جے پی کو کتنے اچھے اچھے سجھاؤ دیتے ہیں اوراُدھر بی جے پی اِن کے ہر سجھاؤ کو اُلٹا کر کے اپنے ووٹ بینک میں بے پناہ اضافہ کرلیتی ہے۔یہ جس نقطہ پر متحد ہونے کی بات رکھتے ہیں وہ اُسی نقطہ سے انتشار اور پھوٹ کا آغازکرتے ہیں اور میدان مار لے جاتے ہیں۔پتہ نہیں وطن عزیز میں یہ اُلٹی گنگا کب تک بہتے رہے گی۔
٭امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس وارننگ کے بعد کہ اگر بھارت نے ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے ایکسپورٹ پر لگی پابندی نہ ہٹائی تویقینا  اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے، حکومت نے اس دوائی کے ایکسپورٹ پر لگی پابندی ہٹائی۔۔۔ ایک خبر
ایسا بلکل نہیں ہے۔ امریکی صدر کی عاجزانہ درخواست قبول کرتے ہوئے بھارت نے انسانیت کے ناطے یہ قدم اُٹھایا ہے۔ یہ میڈیا والے پتہ نہیں کیا کیا لکھ دیتے ہیں۔ ٹرمپ اور وہ بھی مودی جی کو دھمکی!! ہو ہی نہیں سکتا۔اُس کی اتنی اوقات!!!
٭کورونا نے لوگوں کو بنا دیا شریف۔ راجدھانی دہلی میں دو ہزار کے نوٹ راستے میں اڑتے رہے لیکن کسی نے نہیں اُٹھایا۔۔۔ ایک خبر
اب اس پر کیا کہیں، اردو والے ایسے موقعے کے لئے پہلے ہی شعر لکھ چکے ہیں۔۔۔
خوف اور ڈر کو شرافت کا ابھی نام نہ دے
وقت بدلا تو تری رائے بدل جائے گی
٭لاک ڈاؤن مسئلہ، شوہر پہلی بیوی کے پاس،حکومت کرفیوپاس جاری کریں دوسری بیوی کا مطالبہ۔۔۔ ملک عمان سے ایک خبر
 اور جب حکومت نے کرفیو پاس جاری کرنا چاہاتو وہ شوہر بیچارا کورنٹائین پر جانے کے لئے مُصر پایا گیا۔
٭کرونا پر قابو پانے کے بعد چین میں طلاق کی درخواستوں کا لگا انبار۔۔۔ ایک خبر
 یقین رکھئیے ہندوستان میں ایسا بلکل نہیں ہوگا، لیکن اگلے سال آبادی میں بے تحاشا اضافے کے امکان کو خارج نہیں کیا جاسکتا۔
٭شاید آنے والا رمضان پہلا رمضان ہوگا جس میں شیطان کے ساتھ ساتھ انسان بھی قید میں ہوں گے۔۔۔ معصوم مرادآبادی
یقینا، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ شیطان کے ساتھ ساتھ انسان قید میں رہیں گے، لیکن شیطان نما انسان آزاد  رہیں گے اور پوری شدت کے ساتھ آزاد  رہیں گے۔
٭اقوام متحدہ نے کروناوائرس کے تعلق سے بھارت میں سخت گیر ہندو تنظیمیں اور میڈیا کے ایک حلقے کا مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو اس کی روک تھام کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔۔۔دی وائر
اقوام متحدہ کے ایسے سینکڑوں ارشادات اور بیانات کا دنیا بھر میں کیا حشر ہوتا رہتا ہے ہم روز بروز دیکھتے رہتے ہیں۔ اس لئے اس پر خوش فہمی میں مبتلا ہونے کے بجائے ہمیں خود ہمارے خلاف اس نفرت انگیزی کے روک تھام کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے کر آگے آنے کی ضرورت ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

مسجد خدمت کمیٹی، ایک تعارف، ایک جائزہ ............................... اسانغنی مشتاق رفیقیؔ

تلخ و ترش ........................ اسانغنی مشتاق رفیقیؔ

لوگوں میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور ہمارا فرض منصبی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ