تلخ وترش .............. اسانغنی مشتاق رفیقی

٭ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی شراب پالیسی کی سی بی آئی جانچ کی سفارش کی ہے جس میں براہ راست دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کا نام لیا گیا ہے۔۔۔ اے این آئی اقتدار کا نشہ جب سر چڑھ کر بولتا ہے تو دشمن کو ہرانے کے لئے کچھ بھی غلط نہیں لگتا۔ یہ تو ویسے بھی نشہ سے نشہ کا ٹکراؤ ہے۔ ٭ امریکی صدر 79 سالہ جو بائیڈن نے حالانکہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے پہلے ہی دونوں ویکسین کے علاوہ دو بوسٹرڈوز لے رکھے ہیں تاہم اس کے باوجود ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو ممکن ہے اس میں ولادیمر پوتن یا ڈونالڈ ٹرمپ کا ہاتھ ہو، سی آئی اے کو چاہئے کہ اس پر فوری تحقیق کرے، کیونکہ یہ انکل سام کی ناک کا سوال ہے۔ ٭کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے مہنگائی کے خلاف نعرے لکھے ہوئے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے مظاہرہ کیا اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مہنگائی پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔۔۔ یو این آئی جب عوام مہنگائی سے پریشان نہیں ہے تو پتہ نہیں حزب اختلاف کو کیوں اس کی اتنی فکر ہور ہی ہے اور ویسے بھی موجودہ حکومت ایسے خالی خولی مظاہروں سے ڈرنے والی نہیں ہے، اس کے ہاتھ میں سبھوں کی نبض ہے اور وہ جانتی ہے کہ کب کیا کرنا ہے کیسے کرنا ہے۔ ٭ تہران میں ترکیہ، ایران اور روس کے صدور کا اہم اجلاس، شام کی صورتحال اور خطے کی سیکیورٹی پر اہم فیصلے کئے۔۔۔ ترکیہ اردو ایک نیا تکون، کیا انکل سام اور اس کے حواری اس تکون کو پنپنے دیں گے؟ ٭ میں اپنے بیٹے بی وائی وجیندر کے لئے اپنا اسمبلی حلقہ چھوڑ رہا ہوں۔ میں شکاری پورہ کے ووٹروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ بھاری مارجن سے جیتے۔ میں اگلا الیکشن نہیں لڑوں گا۔۔۔ کرناٹک بی جے پی لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ بی ایس یدیورپا یاد رہے بی جے پی میں خاندانی سیاست بلکل نہیں ہے، یہ تو کانگریس ہے جہاں باپ کے بعد بیٹا پھر اس کے بعد اس کی اولاد گدی پر قابض ہوتی ہے۔ ٭ بھارت میں خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر میں بھاری کمی، بھارتی مرکزی بینک ریزرو بینک آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر جو سن دو ہزار سولہ سترہ میں مجموعی رقم کے پچاس فیصد سے بھی زیادہ تھی، دو ہزار اکیس بائیس میں کم ہو کر صرف تیس فیصد رہ گئی۔۔۔ڈی ڈبلیو اردو اس کا مطلب ہے صاحب کی بات مان کر بھارت تیزی سے "آتم نر بھر" بننے لگا ہے۔ دیکھنا ایک دن اگر یہ ترسیلات زر صفر بھی ہوجائے تو کچھ فرق پڑنے والا نہیں۔ بھارت میں سب "چنگا" ہی رہے گا۔ ٭ جب بھی نریندر مودی حکومت کی مختلف ناکامیوں کے خلاف مظاہرے ہوتے ہیں، مرکزی ایجنسیوں کو اپوزیشن لیڈروں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔۔۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی تو کیا حکومت حزب اختلاف کے رہنماؤں کو کھلا چھوڑ کر " آ بیل مجھے مار" پکارتی رہے گی۔ ٭ بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے وضع کردہ سرحدی پالیسیاں میکسیکو کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور لاکھوں تارکین وطن کے انسانی حقوق کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس پھر بھی امریکہ دنیا بھر میں انسانیت کا پہریدار، انسانی حقوق کا قائد اور انسانیت نواز مشہور ہے ، ایسا کیوں؟ ٭ اتر پردیش: وزیر اعظم مودی کے 296 کلومیٹر لمبی سڑک کا افتتاح کرنے کے ایک ہفتے کے اندر بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے ایک حصے میں شدید بارش کی وجہ سے گڈھے پڑ گئے۔۔۔ پی ٹی آئی یہ بارش کا قصور ہے، اس میں صاحب کی کوئی غلطی نہیں۔ ای ڈی والوں کو چاہئے کہ وہ بارش پر رائڈ کرکے اُسے اُس کی اوقات بتائیں۔ ٭روسی صدر پوتن بیمار نہیں بلکہ وہ تو مکمل طور پر صحتمند ہیں،امریکی سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے بیمار ہونے سے متعلق کوئی انٹیلیجنس اطلاعات موجود نہیں ہیں۔۔۔ بی بی سی اردو یہ اور بات ہے کہ پوتن کی وجہ سے دنیا بھر کے کئی بڑے بڑے نیتا بیمار ہونے لگے ہیں۔ ٭اے آئی اے ڈی ایم کے کے عبوری سربراہ کے پلانی سوامی نے او پنیرسیلوم کے بیٹوں اور معزول لیڈر کے 16 دیگر حامیوں کو پارٹی سے نکال دیا۔(یاد رہے او پنیر سلوم کو پہلے ہی پارٹی سے نکالا جا چکا ہے)۔۔۔ پی ٹی آئی سب پارٹی پر قابض ہونے کی جنگ ہے۔ای پی ایس(اڈاپاڈی کے پلانی سوامی) کا کہنا ہے کہ انہوں نے او پی ایس(او پنیر سلوم) اور ان کے حامیوں کو پارٹی سے نکال دیا، او پی ایس کا کہنا کہ انہوں نے ای پی ایس کو پارٹی سے نکال دیا،دوسری طرف ششی کلا میڈم پارٹی پر قبضہ جمانے کے لئے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ دیکھتے ہیں اب ڈرامہ دکھائے گا کیا سین پردہ اُٹھنے کی منتظر ہے نگاہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی