تلخ و ترش .............. اسانغنی مشتاق رفیقی

٭ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ ہر کسی کو ’قوم دشمن‘ قرار دینا ایک خطرناک رجحان ہے۔۔۔ آئی اے این ایس ممکن ہے ایسا ہی ہو لیکن جب ایسا قرار دینے سے ان کا فائدہ ہوتا ہو تو وہ ہر حال میں ایسا ہی کریں گے، یہی رجحان تو ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ٭کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومائی نے کہا ہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر ریاست کے غیر مطمئن لیڈروں سے بات کر رہے ہیں اور اختلافات جلد ختم ہو جائیں گے ۔۔ آئی اے این ایس امید پر دنیا قائم ہے، سو فیصد نہ سہی چالیس فیصد اختلافات تو ختم ہو ہی جائیں گے، کیا سمجھے!! ٭چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ نے کہا ہے کہ مرکز کو تنازعات کے حل کے لیے قانونی چارہ جوئی کا سہارا لینے کے بجائے بڑے پیمانے پر ثالثی کو اپنانا چاہیے۔۔۔ آئی اے این ایس ثالثی سے تنازعات کے مستقل حل ہوجانے کی قوی امید ہوتی ہے پر مرکز ایسا چاہتی کب ہے!! ٭ جاپان کے وزیرِاعظم فومیو کشیدا کو اس وقت بحفاظت نکال لیا گیا جب ایک شخص نے انتخابی مہم کے دوران ان کی جانب دھماکہ خیز مواد پھینکا۔ عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ شخص نے وزیرِاعظم کی جانب ایک چیز پھینکی۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دھویں والا بم وزیرِاعظم کشیدا کی جانب پھینکا گیا۔۔۔ وائس آف مریکہ کہیں یہ لوگوں میں جذبہء ترحم کو ابھار کر ووٹ حاصل کرنے کے لئے اسٹیج کیا گیا ڈرامہ تو نہیں؟ اگر ایسا ہمارے یہاں ہوتا تو ہم ایسے ہی سوچتے!!! ٭ بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی، جنہوں نے حال میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی، دعویٰ کیا کہ وہ اپنی زندگی کی آخری سانس تک وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ رہیں گے اور ان کے این ڈی اے میں جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔۔۔ اے این آئی مری زبان کے موسم بدلتے رہتے ہیں میں آدمی ہوں مرا اعتبار مت کرنا ٭پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بہتر بنانے اور اسے فروغ دینے کے لیے مضبوطی کے ساتھ اپنی بات رکھتے ہوئے ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ہندوستان میں 40 فیصد فضائی آلودگی کے لیے اکیلے روڈ ٹرانسپورٹ ذمہ دار ہے۔۔۔ آئی اے این ایس بے شک ایسا ہی ہے پر واہنوں کے ان کاروانوں کے بارے میں بھی کچھ کہئے منتری جی جو مرکزی اور ریاستی وزراء کے ہمراہ سڑکوں پر قطاریں لگا کر فضائی آلودگی پھیلاتی ہیں۔ ٭این سی ای آر ٹی نے 11ویں جماعت کی سیاسیات کی نئی نصابی کتاب سے آزادی پسند اور ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے حوالہ جات کو ہٹا دیا ہے۔۔۔۔ پی ٹی آئی کچھ لوگ تاریخ رقم کرتے ہیں، کچھ تاریخ میں اپنے مطلب کے لئےترمیم کرتے ہیں، اور جو ترمیم کرتے ہیں وہ کبھی تاریخ رقم ہی نہیں کرپاتے۔ کرچلے ہم فدا جان و تن ساتھیو اب تمھارے حوالے وطن ساتھیو ٭ چین کے وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا ہےکہ ان کا ملک یوکرین کی جنگ میں کسی بھی فریق کو ہتھیار فروخت نہیں کرے گا۔ وہ ان مغربی خدشات کا جواب دے رہے تھے کہ بیجنگ روس کو فوجی مدد فراہم کر سکتا ہے۔۔ وائس آف امریکہ اردو کیونکہ وہ جانتا ہیں کہ خاموش رہ کر وہ جو کرسکتا ہے وہ ہتھیار فروخت کر کے نہیں کر سکتا۔ ٭ "ہمارے آباؤ اجداد نے ہندوستان کو آزادی حاصل کرنے اور آئین بنانے کے قابل بنانے کے لئے جانیں دیں اور اب کانگریس آئین کی حفاظت کے لئے کوئی بھی قربانی دے گی"۔۔۔ ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا تھے تو آبا وہ تمھارے ہی، مگر تم کیا ہو؟ ہاتھ پر ہاتھ دھرے منتظرِ فردا ہو! ٭ دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں سی بی آئی کی طرف سے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو طلب کیے جانے کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ان سے بات کی۔۔۔ اے این آئی تیرا غم میرا غم اک جیسا صنم ہم دونوں کی ایک کہانی آجا لگ جا گلے دل جانی ٭ دنیا میں مسلمانوں کی آبادی 2 ارب سے تجاوز کر گئی ہے، گلوبل مسلم پاپولیشن ویب سائٹ کے مطابق مسلمان دنیا کی آبادی کا 25 فیصد حصہ ہیں، عیسائیت کے بعد اسلام دنیا کا دوسرا بڑا مذہب ہے، دنیا کے 26 ممالک کا سرکاری مذہب اسلام ہے۔۔۔ ترکیہ اردو اس کے باوجود دنیا بھر میں ہم ذلیل و خوار اور ترقی کے ہر دوڑ میں پیچھے ہیں! یہ بھی تو اصلیت ہے ، ہے نا!!!! قریب ہے کہ دیگر قومیں تم پر ایسے ہی ٹوٹ پڑیں جیسے کھانے والے پیالوں پر ٹوٹ پڑتے ہیں، تو ایک کہنے والے نے کہا: کیا ہم اس وقت تعداد میں کم ہوں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں، بلکہ تم اس وقت بہت ہو گے، لیکن تم سیلاب کی جھاگ کے مانند ہو گے، اللہ تعالیٰ تمہارے دشمن کے سینوں سے تمہارا خوف نکال دے گا، اور تمہارے دلوں میں «وہن» ڈال دے گا تو ایک کہنے والے نے کہا: اللہ کے رسول! «وہن» کیا چیز ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ دنیا کی محبت اور موت کا ڈر ہے۔ سنن ابو داؤد:4297، سلسلۃ الصحیحۃ:958 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

مسجد خدمت کمیٹی، ایک تعارف، ایک جائزہ ............................... اسانغنی مشتاق رفیقیؔ

تلخ و ترش ........................ اسانغنی مشتاق رفیقیؔ

لوگوں میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور ہمارا فرض منصبی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ