تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

 

٭کسان سرکار اور عدالت کا بھروسہ کیسے کریں؟۔۔۔ ایک سوال

اسی طرح جیسے پندرہ لاکھ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر پر کیا، سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواش پرکیا، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ پر کیا، سوچھ بھارت پر کیا، یقین رکھیں سرکار اپنے تمام نعروں اور باتوں میں سنجیدہ ہے، لیکن عوام، وقت اور قدرت ساتھ نہیں دے رہے ہیں اس کی وجہ سے وعدے پورے کرنے میں دیری ہورہی ہے۔ سرکار کے متعلق خوش گمان رہیں، دکھوں سے مکتی یقینی ہے۔

٭مسلمانوں کی ترقی تعلیم سے ہی ممکن ہے۔۔۔ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

کوئی کہتا ہے زمانے کے کاندھوں سے کاندھا ملا کر چلنے سے،کوئی کہتا ہے اُن کے اکابرین کے تقلید سے، کوئی کہتا ہے بزرگوں اور مشائخ کے درگاہوں اور خانقاہوں میں حاضری سے اور انہیں مشکل کشا ماننے سے، کوئی کہتا ہے مکمل سیاست میں داخل ہونے سے، کوئی کہتا مدراس کو اسلام کا قلعہ مان کر انہیں اور مضبوط کرنے سے، پتہ نہیں کس کی بات درست ہے، کس کی بات پر یقین کریں اور کس کی بات کو قابل عمل سمجھیں۔ جہاں تک تعلیم سے ترقی کی بات ہے ذوق اس پر بہت پہلے کہہ گئے ہیں

آدمیت اور شئے ہے علم ہے کچھ اور چیز

کتنا طوطے کو پڑھایا پر وہ حیواں ہی رہا

٭کانگریس تاریخ کے بد ترین دور سے دوچار۔۔۔ ایک تبصرہ

مبصر نے کانگریس کے نبض پر ہاتھ رکھ کر نہیں دیکھا شاید۔ کانگریس تاریخ کے بد ترین دور سے نہیں ایک حسرت بھری تاریخ بن کر اپنے خاتمے سے دوچار ہے۔

٭سعودی عرب میں کرسمس جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔۔۔ ایک خبر

عنقریب ہولی دیوالی مہاویر جینتی شیو جینتی جیسے تقریبات بھی سعودی عرب میں دھوم دھام سے منائے جائیں گے۔ بھگت ابھی سے تاویلات پیش کرنے کے لئے تیار ہوجائیں۔

٭خواتین کے خلاف تشدد: نئی تحقیق کے مطابق تمام جانداروں میں انسان ہی اپنی نسل کی مادہ پر سب سے زیادہ تشدد کرتا ہے۔۔۔ بی بی سی نیوز

بے شک، بقول دانشور حضرات یہی تو انسان کی انفرادیت ہے کہ وہ جس قدر تشدد اپنے ہی نسل کے مادہ اور نر پر کرتا ہے اس کا ایک فیصد بھی دوسرے جاندار اپنے نسل پر نہیں کرتے۔ پتہ نہیں اس کی وجہ کیا ہے، فطرت کی اس حیرت انگیز سچائی پر سائنسی ریسرچ کی ضرورت ہے۔

٭دوستوں کے خلاف سازش کرتے ہیں نہ دھوکہ دیتے ہیں۔۔۔ اروناچل پردیش میں اپنے پارٹی کے ارکانِ اسمبلی کا بی جے پی میں شامل ہونے کے تناظر میں دیا گیا، بہار میں بی جے پی کے ساجھی دار جے ڈی یو کے نئے صدر کا ایک بیان

لگتا ہے جے ڈی یوکو ابھی ہوش آرہا ہے ورنہ مہارشٹرا میں شیو سینا کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کو دیکھ کر اُسے بہت پہلے سمجھ لینا چاہئے تھا کہ 

دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا،۔۔۔ لیکن اب بہت دیر ہوچکی ہے جے ڈی یو بہت جلد تاریخ کا حصہ بن کر سیاست کے گلیاروں سے بے نام ونشان ہونے والی ہے۔ انتظار کریں۔

٭تمام قومیں عقیدہ اور فکر میں اختلاف کے باوجود مسلمانوں کے خلاف متحد۔۔۔ ایک تجزیہ

اور مسلمان ایک اللہ ایک رسول اور ایک قرآن رکھنے کے باوجود منتشر، اس کی وجہ اندھی تقلید، اکابر پرستی، خدا کی طرف سے چنے گئے ہونے کا زعم، ہر حال میں اپنے آپ کو نجات کا حقدار سمجھنے کی غلطی، ماضی کا غرور۔ افسوس صد افسوس چلو بھر پانی میں ڈوب مر جانے کا مقام ہے۔

٭کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر بولیں سونیا گاندھی، کہا ملک کی موجودہ صورتحال برطانوی وقت کی طرح ہے۔۔۔ ایک خبر

ستر سال ملک میں حکومت کرنے کے بعد اگر کانگریس صدر کا یہ کہنا ہے تو اس صورتحال کے لئے کانگریس کے سوا اور کون ذمہ دار ہوسکتا ہے۔

اگر کانگریس فرقہ پرستوں اور فاشسٹ نظریہ رکھنے والوں کو ڈھیل نہ دیتی انہیں ان کے ہر غلطی پر پکڑتی اور سزا دیتی تو یقینا آج ملک کا منظر نامہ دوسرا ہوتا۔

٭دنیا مستقبل کی وباؤں سے نمٹنے کے لئے بھی تیار رہے۔۔۔ عالمی ادارہ صحت

عالمی ادراہ صحت نے غلط بیانی سے کام لیا ہے، اُسے دنیا مستقبل کے وباؤں سے نہیں وباؤں کے نام ہونے والی سیاست اور سازشوں سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں ایسا کہنا چاہئے تھا۔ 

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی