تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی
٭ مجھ پر پارلیمنٹ میں الزامات لگائے گئے ہیں،ایسے میں میرا جمہوری حق ہے کہ مجھے ایوان میں بولنے کا موقع دیاجائے ،اگر ہندوستانی جمہوریت کام کر رہی ہےتو میں پارلیمنٹ میں بات کر سکوں گا، دراصل آپ جو دیکھ رہے ہیں وہ ہندوستانی جمہوریت کا امتحان ہے ۔۔۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی
واہ راہل جی واہ!! کیا چال چلی ہے آپ نے!!! اگر بی جے پی پارلیمنٹ میں آپ کو بولنے کا موقع دے تو بھی اور نہ دے تو بھی اس کے لئے شرمناک اور ہارنے والی بات ہوگی، شاید اسی کو کہتے ہیں "چت بھی میری پٹ بھی میری"
٭ حکومت نے پارلیمنٹ کو مطلع کیا ہے کہ رواں مالی سال کے مقابلے 2023-24 کے لیے اقلیتی امور کی وزارت کے بجٹ میں 38 فیصد کی کمی کی گئی ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس کی جانب ایک اور مظبوط قدم !!!!
٭فرانس میں پنشن اصلاحات کے خلاف سرکاری ملازمین کا پُرتشدد احتجاجی مظاہرہ، دو ماہ سے جاری احتجاج میں کئی مظاہرین گرفتار ہو چکے ہیں، احتجاج میں مظاہرین نے پیٹرول بم استعمال کئے، پولیس نے آنسوگیس شیلنگ کی اور مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا۔۔۔ ترکیہ اردو
لگتا ہے دنیا کے ایک نام نہاد ترقی یافتہ ملک اور نویں بڑی عالمی معیشت کا ڈھول بہت جلد چوراہے پر پھٹنے والا ہے۔
٭ راہول گاندھی جی، ہندوستان جمہوریت کی ماں ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کی جمہوری میراث کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ آج ملک میں آپ کی پارٹی کی کوئی نہیں سنتا اور عوام آپ پر اعتماد نہیں کرتی ، یہی وجہ ہے کہ آپ کی پارٹی کا تقریباً صفایا ہو چکا ہے۔۔۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا
اگر ایسا ہی ہے تو بی جے پی راہل کا ہوا کیوں بنا رہی ہے۔ کہیں چور کی داڑھی میں تنکا والا معاملہ تو نہیں!!!
٭ مدارس نے 1000 سالوں سے ہندوستان کی تعلیمی میدان میں حصہ دیا ہے۔ مدارس میں صرف اسلامی تعلیم ہی نہیں بلکہ جدید تعلیم بھی دی جارہی ہے۔ ایک طرف آسام کے وزیر اعلیٰ زہر تھوک رہے ہیں اور دوسری طرف وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ہم مسلمانوں کے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر دیکھنا چاہتے ہیں۔ سب سے پہلے، انہیں یہ فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے کہ انکی پارٹی کی لائن کیا ہے۔۔۔۔۔ ایس ٹی حسن، سماج وادی پارٹی ایم پی
انکی پارٹی کی لائن یہ ہے کہ عوام کو کچھ بھی کہہ کر الجھائے رکھو تاکہ وہ حکومت پر سوچنے اور سوال کرنے کی طرف متوجہ ہی نہ ہو۔
٭لندن کے عجائب گھر میں ٹیپو سلطان کی تلواریں ہیں، برطانوی سامراج نے ان کی تلواریں برطانیہ منتقل کی تھیں، سوائے ٹیپو سلطان کے اس وقت کی برطانوی حکومت نے برصغیر کے کسی اور حکمران کے ہتھیار اور تاریخ کو اس طرح محفوظ نہیں کیا ۔۔۔ ترکیہ اردو
شاید وہ یہ بات جانتے تھے کہ مرا ہوا دانا دشمن بھی کئی نادان دوستوں سے بہتر ہوتا ہے۔
٭ ڈراوڑ حامی تنظیم، تندئی پریار ڈراویڈا کزگم نے آن لائن جوئے پر پابندی کے لیے ریاستی اسمبلی سے منظور کئے گئے بل کو منظوری نہ دینے کے خلاف علامتی احتجاج کے طور پر تمل ناڈو کے گورنر آر این روی کو راکھ کے پیکٹ بھیجے ہیں۔ ۔۔۔ آئی اے این ایس
گویا خاموش زبان میں تنبیہ ہےکہ
میرے دل کی راکھ کرید مت اسے مسکرا کے ہوا نہ دے
یہ چراغ پھر بھی چراغ ہے کہیں تیرا ہاتھ جلا نہ دے
٭ حکومت نے لوک سبھا میں بتایا ہے کہ ملک کے 63 تھانوں کے پاس کوئی گاڑی نہیں ہے، 628 تھانوں میں ٹیلی فون کنکشن نہیں ہے اور 285 تھانوں میں وائرلیس سیٹ یا موبائل فون نہیں ہے۔۔۔۔ پی ٹی آئی
تو کیا ہوا ، صاحب کی قیادت میں ملک تو امرت کال میں پہنچ گیا ہے نا!!
٭اسلامو فوبیا مسلمانوں کے خلاف ان کے مذہب کی بنیاد پر خوف، نفرت اور تعصب پر مبنی ردعمل کا نام ہے۔ اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کا پہلا عالمی دن منایا۔ جس کا مقصد 'مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت امتیازی سلوک اور تشدد کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنا' ہے۔۔۔۔ وائس آف امریکہ اردو
پہلے آگ لگانا، پھر اس کو بجھانے کی اداکاری کرنا، اگر یہ کوئی فن ہے تو اس کے لئے سب سے بڑا اعزاز اقوام متحدہ کو دیا جاسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment