تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقی



٭ہندوستان ایک خطرناک صورتحال کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ آئینی عہدوں پر بیٹھے لوگ نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے گولی بنام بولی والے حالیہ تبصرے پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی کا بیان
عہدہ چاہے وہ کوئی بھی ہو ایک بار اگر کسی کو حاصل ہوجائے تو شاید ہی کسی نے اُس پر بیٹھ کر چاہت کے پھول بکھیرے ہیں۔ محبت اور پیار  کے بہ نسبت نفرت اور بغض پھیلا کر عہدے کو مضبوط کرنازیادہ آسان ترکیب ہے۔ موجوہ ارباب حکومت نے اقتدار نفرت کے بل بوتے پر ہی حاصل کی ہے، ان سے اس کے سوااور کیا امید کی جاسکتی ہے۔
٭ملک کے کئی حصوں میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ہورہے مظاہروں کے بیچ وزارتِ داخلہ نے پارلیمنٹ میں دی صفائی، ملک گیر این آر سی لانے پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں۔۔۔۔۔۔۔ ایک خبر
بات سمجھنے کی ہے، ابھی کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے کر کے کہا گیا ہے، یعنی اس کا مطلب کبھی بھی یہ فیصلہ لیا جاسکتا ہے۔ وزیر داخلہ نے عوام کو کرونولاجی(ترتیب کا علم)  اچھی طرح سمجھا دی ہے، اس لئے اب وہ ایسے پھسلاوے میں آنے والے نہیں۔
٭شاہین باغ میں اظہار رائے کی آزادی کے نام پر بچوں کے ذہن میں زہر گھولا جارہا ہے۔۔۔ بی جے پی
اور بی جے پی اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ملک کے عوام کوبلاتفریق عمر محبت اور اخوت کی شہد اور شیر پلا رہی ہے۔
٭مہاراشٹرا میں این آرسی نافذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ این آرسی نافذ ہونے سے ہندو اور مسلمان دونوں کے لئے شہریت ثابت کرنا کافی مشکل ہو جائے گا۔ میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔۔۔۔۔۔۔ مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے
پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے۔۔۔ شاید ایسے ہی موقعہ کے لئے کہا گیا ہے۔
٭چین میں کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 800  سے زائد ہوگئی ہے۔ 37 ہزار سے زائد متاثرہ افراد میں 2800 سے زائد افراد کی حالت نازک۔۔۔ ایک رپورٹ
وطن عزیز میں کرونولاجی وائرس سے کتنے افراد کی موت ہوئی ہے، کتنے افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور کتنوں کی حالت اس کی وجہ سے نازک ہے اس پر بھی ایک رپورٹ مل جائے تو کیا ہی بہتر ہوگا۔ 
٭فلسطینیوں کی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن معاہدے کی شدید مخالفت کے باوجود سعودی عرب نے فلسطین  اسرائیل تنازع حل کرنے کے سلسلے میں ٹرمپ منصوبہ کا خیر مقدم کیا۔۔۔۔۔۔۔ ایک خبر
 اس سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوجاتی ہے کہ فلسطینی ریاست کا اصل دشمن اسرائیل نہیں ہے۔ 
٭چین کے صوبے ووہان میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے ایک ہزار بستروں کا ایک ہسپتال صرف دس روزمیں تعمیر کر لیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک خبر
یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے، وقت پڑنے پر اس سے بڑی اور قدیم عمارت بھی بغیر جدید آلات کی مدد لئے صرف دس گھنٹے میں ہم زمین بوس کر سکتے ہیں۔اور ایسا کرنے میں ہمیں پریوگ بھی حاصل ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی