تلخ و تُرش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ
٭کیا ہی اچھا ہوتا کہ عرب حکمراں اپنے ضمیر
اور عوام کی آواز پر کان لگا کر پڑوسی اسلامی ممالک کے ساتھ اشتراک کی راہیں نکال
کر اسرائیل اور امریکہ کو مجبور کر کے فلسطینی مسئلہ کا حل ڈھونڈکر خطے میں حقیقی
اور دیر پا امن و امان قائم کروانے میں کردار ادا کرتے۔۔۔ متحدہ عرب امارات اور
اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے پر ایک تبصرہ
پہلی بات عرب حکمرانوں میں ضمیر نامی
بھی کوئی شئے موجو د ہے اور وہ عوام کی آواز سننے کی استطاعت رکھتے ہیں اس پر یقین
کرنا مشکل ہے۔ دوسری بات پڑوسی اسلامی ممالک سے اشتراک یہ ناممکن ہے کیونکہ ایسا
کوئی حرف اُن کی لغت میں نہیں پایا جاتا۔ تیسری بات فلسطینی مسئلے کا حل اور خطے میں
امن و امان یہ حکمرانوں کا مسئلہ نہیں ہے، ان کا مسئلہ اپنی کرسی کی حفاظت اور اس
کی بقا ہے اس کے لئے وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات
تو شروعات ہے، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔
٭تبلیغی جماعت معاملہ: بامبے ہائی کورٹ نے 29
مقدمات رد کئے، کہا ”لگتا ہے ہے تبلیغی جماعت کو قربانی کا بکرا بنایا گیا۔
بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ نے کہا کہ دہلی مرکز میں منعقد اجتماع میں شامل
ہونے آئے غیر ملکی شہریوں کے خلاف پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا میں پروپگنڈہ چلایا گیا
اور ایسی امیج بنانے کی کوشش کی گئی کہ یہی لوگ ہندوستان میں کوڈ 19 پھیلانے کے ذمہ دار تھے۔۔۔ ایک خبر
دیر سے سہی پر صحیح بات کہی ہے لیکن کیا
فائدہ، حکومت، اس پروپگنڈے سے جو فائدہ حاصل کرنا چاہتی تھی وہ تو حاصل کر چکی، اس
فیصلے پر غالب کا ایک شعر یاد آتا ہے۔۔۔
کی مرے قتل کے بعد اُس نے جفا سے توبہ
ہائے اُس زود پشیماں کا پشیماں ہونا
٭آئی آئی ایم سی: اردو جرنلزم کورس کی ختہ
حالی کے لئے ذمہ دار کون؟۔۔۔ ایک سوال
وہی لوگ جو اردو کی کھاتے ہیں لیکن
اردو کے لئے کچھ کرتے اُن کی شان کم ہوجاتی ہے۔
٭سعودی عرب نے مسلمانوں کے دو مقدس مقامات
مکہ اور مدینہ کے مساجد کے لئے دس خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تقرر کیا ہے۔ دونوں
مساجد کے امور دیکھنے والے دفتر کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق تقرری
کا مقصد ”اعلیٰ تربیت یافتہ اور قابلیت
رکھنے والی خواتین کو با اختیار بنانا ہے“۔۔۔ ایک خبر
اچھی پہل ہے، اگر بر صغیر میں پائے
جانے والے اُن کے بھگت بھی اپنے اپنے دائروں میں ایسی ہی پہل کریں اور عورتوں کو
ان کا جائز حق بغیر تاویلات میں الجھائے دیں توکتنا اچھا ہوگا۔
٭کیا کانگریس اور گاندھی خاندان لازم و ملزوم
ہیں؟۔۔۔ ایک سوال
بے شک، یہ گاندھی خاندان ہی ہے جو
کانگریس کو سنبھالا دئے ہوئے ہے ورنہ پارٹی کے اندر کی رسہ کشی کبھی کا اس کو دفن
کر چکی ہوتی۔
٭فرانس کی پولس نے بحیرہ روم کے ایک ساحل پر
دھوپ سینکتی چند خواتین سے اپنے بدن ڈھانکنے کے لئے کہا تو فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ
دارمنین ان ٹاپ لیس خواتین کی حمایت میں آگے آگئے اور ٹوئٹ کیا کہ آزادی ایک قیمتی
شئے ہے، اُن کے مطابق خواتین کو اپنا تن ڈھکنے کے لئے کہنا غلط تھا۔۔۔ ایک خبر
آزادی، وزیر داخلہ کی ٹوئٹ، غلط اور صحیح
کے بحث میں الجھے بغیر رندؔ لکھنوی کا ایک شعر پیش ہے، شعر پڑھئیے اور شاعر کو داد دیجئے کہ کیا نکتہ
نکالا ہے۔۔۔
برہنہ دیکھ کر عاشق میں جان تازہ آتی
ہے
سراپا روح کا عالم ہے تیرے جسم عریاں میں
٭ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان کشمیر کے
مسئلے پر سخت رخ نہ اپنانے کی بات کو لے کر ہوئے تنازعہ کے بعد، سعودی عرب نے
پاکستان کو زبردست جھٹکا دیتے ہوئے تیل کی فراہمی بند کرنے ساتھ ہی قرض دینے سے
منع کردیا ہے۔سعودی عرب کے اس اقدام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان عشروں سے جاری
رشتہ ختم ہوگیا ہے۔۔۔ ایک خبر
یعنی پان اسلام ازم کے تابوت میں آخری
کیل ٹھونک دی گئی اورسعودی عرب کے تعلق سے جو خوش فہمی کا بت ہمارے یہاں برسوں سے
پوجا جاتا رہا ہے وہ بھی گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔چلو اچھا ہوا ویسے بھی جھوٹ کے
پاؤں لمبے نہیں ہوتے ایک دن اصلیت ظاہر ہوکر ہی رہتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment