تلخ و تُرش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ
٭بابری مسجد مذہب کے لئے نہیں، اقتدار حاصل کرنے کے لئے مسمار کی گئی تھی۔۔۔ ڈاکیومنٹری فلمساز آنند پٹوردھن
بے شک، لیکن بھگت یہ بات سمجھتے کب ہیں، ان کے نزدیک انہیں جو پڑھا دیا گیاہے وہ ہی اصل ہے۔ کوئی لاکھ کچھ کہہ لیں، ثبوت پیش کریں، انہوں نے جو سمجھ رکھا ہے اُس سے ایک بالشت بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہمارے جنونی مسلک پرستوں کی طرح۔
٭یوپی میں انسانی حقوق کی پامالی پر کوئی سوال نہیں کیوں؟۔۔۔ ایک سوال
یوپی میں انسانی حقوق کی کوئی پامالی نہیں ہورہی ہے، اپوزیشن اور اربن نکسل بیکار میں واویلا مچا رہے ہیں۔ وہ ہر جاندار شئے کو انسان انسان کہہ کر حکومت کوغلط دشا میں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت اچھی طرح جانتی ہے کے اس کے قلمرو میں انسان کون ہیں اور وہ ان کے حقوق کی مکمل حفاظت کر رہی ہے۔
٭ہاتھرس جاتے ہوئے گرفتار کئے گئے صحافی اور دیگر 3 مسلم نوجوانوں پر غداری کا کیس۔۔۔ ایک خبر
ہزار بار سمجھایا جاتا ہے کہ اپنی اوقات میں رہو، لیکن یہ لوگ سمجھتے نہیں،حکومت کے معاملات میں دخل دینے کی ضد پکڑے ہوئے ہیں، شکریہ ادا کریں کہ صرف غداری کاکیس ہوا ہے ورنہ انکاونٹر اور ماب لینچنگ بھی ہوسکتا تھا۔
٭کمونیکشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی نوکریاں صرف سعودیوں کو دی جائے گی۔۔۔سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبودی احمد الراحجی
اور بر صغیر سے طلب کردہ غلاموں کو چپراسی، راستوں اوربیت الخلاء کی صفائی، گھروں کی چوکیداری، جیسے اعلیٰ کام دئے جائیں گے، اسلامی اخوت زندہ باد!
٭دنیا کا ہردسواں فردکورونا وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے۔۔۔ عالمی ادراہ صحت
باقی نو افراد، کینسر، ایڈس، ٹی بی، اور مذہبی،علاقائی، اکثریتی شدت پسندی جیسے معمولی امراض سے متاثر رہیں گے۔
٭ٹی آر پی گھوٹالہ:ممبئی کرائم برانچ نے ایک ایسے گروہ کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو ٹیلیویژن چینلوں کی ٹی آر پی ریٹنگ بڑھانے کے لئے پیسے فراہم کیا کرتے تھے۔۔۔ ایک خبر
پڑوسن کے بھروسے پتنی سے زبردستی جھگڑا کرنے کا انجام،پتنی نے چار دیواری کے اندر کی باتیں بازار میں اچھالنا شروع کردی۔دیکھیں اور کیا کیا راز و نیاز کی باتیں چوراہے میں آتی ہیں۔
٭مسلمانان ہند، ماضی حال اور مستقبل۔۔۔ ایک عنوان
ماضی: حنفی، شافعی، ظاہری، باطنی کے جھگڑے، اقتدار کے نشے میں مست، اصل فرض تبلیغ دین سے بے پرواہی۔ حال،:دیوبندی،بریلوی، سلفی،جماعتی،علاقائی، جھگڑے،ماضی پر بے جا تفاخر، ہر نئی چیز کا پہلے انکار پھر اس کے آگے سر نگوں۔ مستقبل:غیر یقینی،اللہ رحم کرے۔
٭ہماری حکومت ہوتی تو 15 منٹ میں چین کو اُٹھا کر پھینک دیتے۔۔۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی
گزشتہ کئی دہائی حکومت میں رہنے کے باوجود جو لوگ ایک دو نفری فاشست طاقت کا کچھ نہیں بگاڑ سکے اور وہ فاشست طاقت آج ان سے حکومت چھین کران کے سینوں پر مونگ دل رہی ہے، وہ لوگ 15 منٹ میں ایک عالمی طاقت کو اُٹھا کر پھینک دیں گے!!! لگتا ہے راہل جی بھی آج کل ہمارے وزیر اعظم کی طرح بولنے کی مشق کر رہے ہیں۔
٭کرونا وائرس: غریب بد حال، ارب پتی مزید مالا مال۔۔۔ ایک رپورٹ
یہی ہے کرونا وائرس کاکمال۔
٭ ہندوستان میں مسلمان دباؤ کا شکار ہیں۔۔۔ یورپی یونین پارلیمنٹ کا اظہار تشویش
بے شک، گھر میں بیوی کے دباؤ کا، آفس اور کاروبار میں باس اور خریداروں کے دباؤ کا، مسجد میں مولوی اور مفتی کے دباؤ کا، سماج میں متولیوں اور لیڈروں کے دباؤ کا، ملک میں حکومت کے دباؤ کا، یورپی یونین کا بے حد شکریہ کہ اُس نے ہمارے لئے صدا تو بلند کی ورنہ آجکل کون دوسروں کے معاملات میں دخل دیتا ہے۔
٭سائنسی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس اب ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا۔۔۔ ایک خبر
کوئی بات نہیں، جب اس سے بڑے بڑے خطرناک وائرس جیسے فرقہ پرستی، مذہبی شدت پسندی، علاقائی اور لسانی تعصب، نسلی تفاخر، کے ساتھ زمانے سے رہتے آرہے ہیں، اس کے ساتھ بھی رہ لیں گے۔
٭بالی ووڈ اداکارہ اوربگ باس ۶ فیم ثنا خان نے شو بز اور فلم انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے بر سر عام توبہ کر لی ہے۔۔۔ ایک
خبر
کاش ایسی توفیق ہمارے نام نہاد مذہبی اور سماجی لیڈروں کی بھی ملتی۔
٭بہار انتخابات: نتیش کمار کیا اپنی کرسی بچا پائینگے؟۔۔۔ ایک سوال
چاروں طرف سے ان پر شکنجہ کس دیا گیا ہے، بظاہر جو اُن کے ساتھ ہیں وہی ان کے پیروں سے زمیں کھینچنے کی فکر میں لگے ہوئے ہیں،ایسے میں وہ اپنی کرسی بچالیں تو اُسے چمتکار ہی کہا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment