تلخ و تُرش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ
٭ لو جہاد پر گھماسان، بی جے پی مقتدرہ ریاستوں
کی سرکاریں لو جہاد کے خلاف بل لانے کی مکمل تیاری کرچکی ہیں،اپوزیشن نے سرکاروں
کے اس طرح کا قانون بنانے کو شخصی آزادی میں دخل اور ملک میں فرقہ وارانہ کھائی کو
گہرانے کی کوشش قرار دیاہے۔۔۔ ایک خبر
لو جہاد نامی ایک خیالی اُپچ کے خلاف
قانون بنا کر موجودہ سرکار کا جو بھی ہدف ہو لیکن اس سے امہ کو ضرور فائدہ
ہوگا۔امہ کے اُن نوجوان کو جو اپنوں کے حسرت بھری نگاہوں کو نظر انداز کر کے انہیں
عمر بھر کے لئے آرزوؤں کے انگاروں میں جھلستا ہوا چھوڑ کر یا انہیں مرتد ہونے پر
مجبور کر کے ہوس کو محبت کا نام دے کر غیروں کے پیچھے تن من دھن لٹا تے ہیں ان کو
سبق سکھا کر گھر واپسی کرانے کا اس سے بہتر طریقہ شاید ہی کوئی ہوسکتا ہے۔
٭جے ڈی یو کو پھسلنے سے روکنے میں ناکام رہے
نتیش کمار کیا اس بار اپنے ادھورے وعدے پورے کر پائیں گے یا پھر اس باری میں وہ بی
جے پی کے آگے گھٹنے ٹیکنے کو مجبور ہوں گے؟۔۔۔ایک سوال
گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں، یوں کہئیے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔ وزراء کی فہرست میں ایک بھی اقلیتی طبقہ کے نمائندے کا نہ ہونا اس کی شروعات ہے۔ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا
٭کانگریس تبدیلیوں کو لے کر سنجیدہ نہیں، شاید
پارٹی نے ہر ہار کو مقدر مان لیا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ اب لوگ کانگریس کو ایک
مؤثر متبادل نہیں مان رہے ہیں۔۔۔ سینئر کانگریسی رہنما کپل سبل
بے شک، کانگریس ابھی بھی بے وقوفوں کی
جنت میں رہتی ہے، بہار اسمبلی انتخابات سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ وہ جیتی ہوئی
بازی آسانی سے ہار نے میں ماہر ہوچکی ہے۔ لوگ اُسے ایک مؤثر متبادل مانے یا نہ مانے
وہ اپنے آپ کو متبادل کے طور پر پیش کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
٭اسرائیلی وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کی
ملاقات کی خبریں، سعودی عرب کی تردید لیکن اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم
اسرائیل بنجامن نتن یاہو اور موساد کے سربراہ نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ایک خفیہ
ملاقات کی ہے جو اسرائیل کے سینئر عہدیداروں اور سعودی حکام کے درمیان پہلی ملاقات
مانی جائے گی۔۔۔ ایک عالمی خبر
سعودی بھگت تاویل کے لئے تیار ہوجائیں۔ امت کو اس بار بے وقوف
بنانا تھوڑا مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں۔ ملوک اول سے لے کر موجودہ دور تک کی تاریخ
میں سے، خود کو صحیح ثابت کرنے کے لئے جتنے حکایات مل سکتے ہیں وہ کھنگال کر رکھ لیں،
تاکہ آنے والے وقتوں میں سعودی اور سرائیلی دوستی میں جو مضبوطی آئے گی اور اس سے
جو حالات پیدا ہوں گے اس کے مثال میں پیش کیا جاسکیں۔
٭افغانستان جنگ میں چھبیس ہزار بچے ہلاک یا
معذور ہوچکے ہیں، گزشتہ چودہ برسوں میں جنگ کے دوران اوسطاً ہر روز پانچ بچے ہلاک یا
زخمی ہوتے رہے ہیں۔۔۔ ایک رپورٹ میں انکشاف
اس سے کسی کو کوئی فرق نہیں پڑتا،
ملاؤں کے نزدیک یہ بچے شہید ہوکر جنت کے باغوں میں کھیل رہے ہیں، دشمنوں کے حساب
سے انہوں نے مستقبل کے بہادروں کو سر اٹھانے سے پہلے ہی نیست و نابود کر دیا،
تماشہ بینوں کے لئے یہ صرف افسوس کا مقام ہے، عالمی طاقتیں اپنے ہتھیاروں کا کامیاب
تجربہ کر کے خوش ہیں اور رہی افغان حکومت وہ اس طرح کم ہوتی آبادی کو ملک کے
مستقبل کے لئے نیک شگون سمجھتی ہے شاید۔
٭ٹمل ناڈو کے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ
آنے والے ٹمل ناڈو اسمبلی انتخابات دو ہزار اکیس کے لئے بی جے پی، اے ڈی ایم کے
اتحاد جاری رہے گا۔۔۔۔ ایک خبر
دوسرا کوئی راستہ بھی تو نہیں ہے۔ ہار
جیت تو بعد کی بات ہے، اپنے آپ کو مستقبل کے اچھے دنوں کے لئے بچائے رکھنا، یہ بہت
ضروری ہے۔ ریاستی حکومت ہاتھ میں رہے یا جائیں لیکن مرکزی حکومت تو اور چار سال بی
جے پی کی ہی رہے گی،ایسے میں سمندر میں رہ کر مگر مچھ سے بیر کون کرے گا۔
٭بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان نے جو
اپنے پیشے سے تائب ہوچکی ہیں، ایک عالم دین مفتی سے شادی کر کے اپنے مداحوں کو
چونکا دیا۔۔۔ ایک خبر
اور ادھر فارغین مدرسہ کی ایک بڑی
تعداد یہ پوچھنے لگی ہے کہ کیا بالی ووڈ کے اداکاراؤں میں تائب ہونے کا رجحان یونہی
جاری رہے گا، اگر جاری رہے گا تو اپنا نمبر کب آئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment