تلخ و تُرش ......................... اسانغنی مشتاق رفیقیؔ

 

 

٭سری لنکا نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے برقعے پرپابندی اور ہزار سے زائد مدرسوں کے بند کرنے کا اعلان کیا۔۔۔ ایک خبر

خانگی مسائل سے اپنے عوام کی توجہ ہٹانے اور انہیں الجھائے رکھنے کے لئے ایسے قوانین کے اعلانات اب ایک عام سی بات ہوگئی ہے۔ اسلاموفوبیا کے نام پر یہ سیاست کب تک چلتی رہے گی اور اس کا انجام کیا ہوگا یہ آنے والا وقت ہی طے کرے گا۔ پتہ نہیں عوام کے سمجھ میں یہ  بات کب آئے گی۔

٭سال دو ہزار سولہ سے دو ہزار بیس کے بیچ پارٹی بدلنے والے لگ بھگ چالیس فیصدی ایم ایل اے بی جے پی میں شامل۔۔۔انتخابی اصلاحات کی سمت میں کام کرنے والی تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹکٹ ریفارمز کی ایک رپورٹ

پوجا ہمیشہ چڑھتے سورج کی ہی کی جاتی ہے۔ یہ زمانے کا ازل سے دستور رہا ہے۔لیکن جب سورج ڈھلنا شروع ہوگا اور یقینا بہت جلد ڈھلنا شروع ہوگا کیونکہ یہی قدرت کا قانون ہے، تب دیکھنا کہ ایک پیر پر کھڑے ہوکر اس کی پوجا کرنے والے یہ سب کیسے لوٹ کر اپنے اپنے بلوں میں گھس رہے ہوں گے یا نئے ٹھکانوں کی تلاش میں بھٹک رہے ہوں گے۔

٭مندر سے پانی پینے پر ایک معصوم بچے پر تشدد، پانی کا بھی کوئی مذہب ہوتا ہے کیا؟۔۔۔ ایک سوال

دنیا کے دوسرے ممالک میں پانی کا ہوسکتا ہے کوئی مذہب نہ ہوتا ہو لیکن وطن عزیز میں صدیوں سے پانی الگ الگ کیا جاچکا ہے۔ اتہاس کے پنے گواہ ہیں۔اس لئے اس خبر پر تعجب کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔

٭اسلحے کی عالمی منڈی میں امریکہ اب بھی سب سے بڑا تاجر۔۔۔ ایک خبر

لیکن پھر بھی امن کے انعامات اسی کے حصے میں، دنیا میں امن کا واحد علمبردار وہی، کہیں بھی بلیوں کی لڑائی میں بندر بن کر انصاف کرنے والا اور لڑائی ختم کرنے والا وہی۔ اسلحہ تیار کرنے والا،عالمی منڈی میں اس کا سب سے بڑا تاجر امن کا پیغمبر اور اُکسا کر اُس اسلحہ کے استعمال کے لئے مجبور کئے جانے والے مجرم۔ شاید اسی کا نام عقل مندی ہے۔

٭قرآن کی چھبیس آیات کو حذف کرنے کے حوالے سے وسیم رضوی کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست کے خلاف مسلمانوں میں سخت ناراضگی، کیا عدالت عظمیٰ یہ پٹیشن مسترد کر دے گی؟۔۔۔ایک سوال

شاید، ایسا ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی۔۔۔ اگر ہوگیا تو عدالت کا وقار بحال ہوجائے گا، اگر نہیں ہوا تو۔۔۔ توبھی عدالت کا وقار بحال ہی رہے گا۔

٭ایس آئی او کی مداخلت کے بعد تبلیغی جماعت کی شبیہ کو داغدار کرنے والے سبق کو ایم بی بی ایس کی نصابی کتاب سے ہٹایا جائے گا۔۔۔ ایک خبر

سنتے آئے تھے کھوٹا سکہ اور بُرا بیٹا ہی وقت پر کام آتا ہے، آج دیکھ بھی لیا۔لیکن کیا ایس آئی او کے اس کار خیر سے جماعت اسلامی کی شبیہ تبلیغی جماعت والوں میں بہتر ہوجائے گی یا ابھی بھی وہ آر ایس ایس اور بی جے پی سے زیادہ دشمن باور کرائی جائے گی۔

٭پھر سے ایک بارکروناوائرس کا خوف،پنجاب اور مہارشٹرا کے بعد اب گجرات کے چار شہروں میں بھی رات کا کرفیو لاگو۔۔۔ ایک خبر

کسان احتجاج ختم نہیں ہورہا ہے، بینک ملازمین اسی طرز پر آندولن چھیڑنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ مہنگائی زوروں پر ہے، اس سے پہلے کے عوام بھی سڑکوں پر اترآئے اس کا کچھ تو بندوبست کرنا ہوگا۔ سو۔۔۔

٭ٹمل ناڈو اسمبلی انتخابات، ایم آئی ایم، ایس ڈی پی آئی کا اے ایم کے سے اتحاد، ایس ڈی پی آئی پانچ اور ایم آئی ایم تین سیٹوں پر انتخاب لڑیں گے، جن میں کئی سیٹوں پر ان کی ٹکر مضبوط مسلم امیدواروں سے ہوگی۔۔۔ ایک خبر

اور یوں مسلم ووٹ بٹے گیں، حکومت کی مخالفت میں پڑنے والے ووٹوں میں بکھراؤ ہوگا اورپھر فاشسٹ طاقتوں کو آسانی سے کامیاب ہونے کا ایک اور موقعہ فراہم ہو جائیگا۔ ہمارا کیا ہے، ہمیں تو بس جذباتی نعرے چاہئیے۔

٭سعودی عرب نے کی بڑی تبدیلیاں، اب اپنی مرضی سے نوکری بدل سکیں گے بھارت کے ورکرس۔۔۔ ایک خبر

جب مواقع اور تنخواہیں معقول تھیں اس وقت تو قد غن لگا دی اب جب سب ڈھلوان پر ہیں پالیسی تبدیل کرنے سے شاید ہی کوئی خاص اثر ہو۔ پھر بھی چلو اچھا ہے! کچھ تو فرق پڑے گا۔

٭اتحاد کا تجربہ اچھا نہیں رہا، تمل ناڈو،کیرلا،بنگال اور پدوچیری میں اکیلے ہی لڑیں گے الیکشن۔۔۔ بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی

انگور کھٹے ہیں، جب کسی نے منہ نہیں لگایا تو سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کے لئے ایسے اسٹیٹمنٹ دینا ضروری  ہوجاتا ہے۔

٭شہر وانمباڑی کے ایم ایل اے اور ریاستی حکومت میں پانچ سالوں سے بحیثیت وزیر خدمت کرنے کے باوجود محترمہ نیلوفر کفیل صاحبہ کو اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ اسکے لئے پارٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار اور ریاستی وزیر کو ذمہ دار ٹہراتے ہوئے پریس کانفرنس میں محترمہ جذباتی ہوگئیں۔۔۔ ایک خبر

اب اس پر کیا کہیں۔چچا غالب شاید ایسے ہی موقعے کے لئے کہہ گئے ہیں

نکلنا خلد سے آدم کا سنتے آئے تھے لیکن 

بہت بے آبرو ہو کر ترے کوچے سے ہم نکلے

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی