تلخ وترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقیؔ

٭بنگال انتخابات سے ٹھیک پہلے بنگالی فنکاروں نے کہا، تقسیم کرنے والی سیاست نہیں ہونے دیں گے۔۔۔ ایک خبر

اگر عوام کے ذہن پر وپگنڈے کے زور پر اتنے زہر آلود کر دئے گئے ہوں کہ وہ خود تقسیم والی سیاست پہ راضی ہوں تو پھر یہ مٹھی بھر فنکار کیا کرسکتے ہیں۔ اب انتخابات کے نتائج آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ جیت بنگالی فنکاروں کی ہوئی ہے یا تقسیم کی سیاست کر نے والوں  کی۔ یہ انتخابات بنگال میں رہنے والوں کے لئے ایک ایسا امتحان ہے جو ان کے حقیقی رجحان کو ظاہر کرے گی۔

٭اقلیت اپنے مسائل اُٹھانے میں محتاط رہیں، بی جے پی کو پولرائزیشن کا موقع نہ دیں۔۔۔ کانگریسی رہنما سلمان خورشید

اگر کانگریس اپنے دور اقتدار میں اقلیتوں کو مسائل چپ سے حل کر دیتی، اس پر پروپگنڈہ نہ کرتی تو بی جے پی کو پھیلنے پھولنے کا موقعہ ہی نہ ملتا۔ کانگریس کی ووٹ بینک کی سیاست سے نہ صرف اس کا نقصان ہوا بلکہ اقلیتوں کو بھی اس کی بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔  ویسے  کانگریسی رہنما کا مشورہ بہت صحیح ہے، کاش اقلیتیں اس بات کو سمجھ لیں۔

٭تمل ناڈو میں سی اے اے اور زرعی قوانین نافذ نہیں ہونے دیں گے۔۔۔ ڈی ایم کے رہنما اسٹالن

امید ہے وہ ایسا ہی کریں گے، لیکن اقلیتوں کے دل میں ایک خوف ہے کہ اگر مرکزی حکومت سختی کریں اور دباؤ بنائے یا کوئی لالچ دے تو پھر ان کا موقف کیا ہوگا۔

٭ہندوستان میں ایک بار پھر تیزی سے بڑھ رہا ہے کورونا وائرس، اکتوبر کے بعد پہلی بار کورونا کے نئے کیسز68 ہزار سے متجاوز۔۔۔ ایک خبر

ویکسینس کیا  ہوئے، اگر ہنگامی پیمانے پر سارے ملک میں ویکسینس لگائے گئے ہوتے تو کیا اس پھیلاؤ کو روکا نہیں جاسکتا تھا، لیکن یہ سوال کون اٹھائے گا،میڈیا تو گودی بن چکی ہے۔ اپوزیشن کی آواز سنتا کون ہے۔ اور عوام، عوام کی اکثریت کو تو  پہلے ہی جذباتی مسئلوں میں الجھایا جا چکا ہے۔

٭سعودی عرب کے محکمہ شماریات کے مطابق دوہزار بیس کے دوران مملکت میں شادی اور طلاق کی شرح بڑھ گئی۔۔۔ ایک خبر

سب کروناوائرس اور لاک ڈاؤن کی مہربانی ہے۔ لاک ڈاؤن سے پر یشان ہوکر کنواروں نے شادی کرلی اور شادی شدہ افراد نے لاک ڈاؤن میں لاک ڈاؤن سے تنگ آکر طلاق دے دی۔

٭مغربی بنگال اسمبلی انتخابات،بی جے پی مغربی بنگال میں 200سے زائد سیٹوں پر جیت حاصل کرے گی۔۔۔ وزیر داخلہ امیت شاہ

اگر یہ بات امیت شاہ جی نے کہی ہے تو اس کی کرونالوجی سمجھنا ضروری ہے۔ ان کی کوئی بات بے ترتیب اور بے مطلب نہیں ہوتی۔ اس کے پیچھے ضرور کوئی اشارہ ہے۔

٭چاند کا سفر، ہیلی کاپٹر، تین منزلہ مکان، ایک روبورٹ اور ایک کروڑ روپیہ مفت، تمل ناڈو مدورائی کے ایک آزاد امیدوار کا انتخابی منشور

 میں عوام سے وعدہ۔۔۔ ایک دلچسپ خبر

طنز ملیح کی شاندار مثال پیش کی اس آزاد امیدوار نے۔ ایسے وعدے کرنا جو ناممکن ہو اور پھر عوام سے یوں پیش آنا جیسے ان کے وہ وعدے بس ایسے ہی تھے یعنی ایک جملہ، یہ ہمارے بڑے بڑے سیاست دانوں کی خاص پہچان ہے۔ اس پر سچ میں ایک طمانچہ ہے اس آزاد امیدوار کا انتخابی منشور۔

٭نہر سوئزمیں پھنسا مال بردار بحری جہاز نکال لیا گیا، آمد و رفت بحال۔۔۔ بی بی سی

نہر سوئز میں پھنسا مال برادر بحری جہاز تو دنیا والوں نے عقل اور محنت لگا نکال لیا، لیکن کروناوائرس کے نہر میں پھنسا انسانی زندگی کاجہاز کیوں ابھی تک کوئی نکال نہیں پایا۔ ایک سال سا زیادہ عرصہ ہونے کو آگیا ہے، ویکسینس بھی زور شور سے لگ رے ہیں لیکن پھر بھی یہی کہا جارہا ہے کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔ دوسرا دور شروع ہوچکا ہے۔ پتہ نہیں انسانی زندگی کا یہ جہاز کرونا وائرس کے نہر سے کب نکلے گا۔

٭دینی تعلیمات کو عام کر کے شادی بیاہ سے غیر اخلاقی رسموں کو ختم کریں۔۔۔ ایک اپیل

 جو لوگ دینی تعلیمات کو عام کرتے ہیں، جن کی اس میدان میں اجارہ داری ہے اگر وہ ہی اپنے گھروں کے شادی بیاہ میں غیر اخلاقی رسموں میں مبتلا ہوں تو پھر اس اپیل کا کیا اثر جائے گا۔ اس لئے اس مسئلے میں ہر فرد پہلے اپنا گھر سدھار لے، اگر ایسا ہوگیا تو معاشرہ آپ خود سدھر جائے گا۔

٭مبینہ تخریب کاری نظریات،

 سعودی وزارت مذہبی امور نے کام  54علمائے کرام اور خطیبوں کو عہدوں سے ہٹاتے ہوئے  سے روک دیا ہے۔۔۔ ایک خبر

سعودی بھگت متوجہ ہوں۔ شہزادے کا اگلا نشانہ آپ بھی ہوسکتے ہیں۔

٭مسلمانوں کو فیصلہ کر لینا چاہیے کہ غیر مسلم بھائیوں سے وسیع پیمانے پر ایسے بے لوث روابط برادارنہ تعلقات قائم کریں گے جن کے پیچھے پاکیزہ جذبات ہوں گے اور مشترک امور و مسائل کو مل جل کر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔۔۔ ایک دانشورانہ اپیل

صرف غیر مسلم بھائیوں سے نہیں اپنے ان مسلم بھائیوں سے بھی جو دوسرے مسلک، مکتبہ ء فکر اور فرقہ سے ہیں۔ ہوسکے تو پہلے انہیں سے رشتہ اور تعلقات بناکر ایک دوسرے کے خلاف تعصب، بغض اور کینہ سے دل کو صاف کر کے مل بیٹھ کر غیر مسلم بھائیوں سے میل جول بڑھانے کی طرف متوجہ ہوں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی