تلخ و تُرش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی

 

 

٭اس بار این آر سی اور سی اے اے کا مقابلہ متحد ہوکر کریں۔۔۔ ایک عنوان

ناممکن ہے، بھلے سے این آر سی اور سی اے اے کی وجہ سے جو جور و ستم سہنا ہوگا سہہ لیں گے مگر متحد ہونا، یہ ہم سے نہیں ہوگا اور قیامت تک بھی نہیں ہوگا۔۔!!!۔

٭کیا کووڈ بحران سے وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں گراوٹ آئی ہے؟۔۔۔ ایک سوال

کوئی گراوٹ نہیں آئی ہے۔ سچ پوچھیں تو بھگتوں کی تعداد میں اور اضافہ ہوا ہے۔سوشیل میڈیا کا کوئی بھی صفحہ کھول کر دیکھ لیں، آپ کو پتہ چل جائے گا۔ جب تک بھارت میں مذہب کی سیاست بلاروک ٹوک جاری رہے گی تب تک شری نریندر مودی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

٭کووڈ 19، واٹس اپ یونیورسٹی کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وطن عزیز میں لوگوں نے جس سانحے کا سامنا کیا اس میں سرکار کا کوئی قصور نہیں۔۔۔ ایک خبر

بے شک سرکار کا کوئی قصور نہیں ہے۔ لوگوں نے سرکار کو مندر بنانے کے لئے ووٹ دیا، سرکار نے وہ کر دکھایا، لوگوں نے سرکار کو اقلیتوں کو سبق سکھانے کے لئے ووٹ دیا، سرکار نے وہ کر دکھا یا اور اسی طرح لوگوں نے جس جس کے لئے سرکار کو من سے ووٹ دیا سرکار اس راستے پر تیزی سے گامزن ہے، اگر لوگ سرکار کو ترقی، صحت اور فلاحی کاموں کے نام پر ووٹ دئے ہوتے تو پھر سرکار کا قصور مانا جاسکتا ہے چونکہ ایسا نہیں ہے اس لئے سرکار بے قصور ہے۔

٭کانگریس بنگال کے بھوانی پور اسمبلی حلقہ سے ممتا بنرجی کے خلاف امیدوار نہیں اتارے گی۔۔۔ ایک خبر

اگر اتارے گی بھی تو کونسا ڈپازٹ جیتے گی، بری طرح ہارنے سے بہتر ہے کہ شرافت کے ساتھ مقابلے سے ہی دستبردار ہونے کا اعلان کردیا جائے۔

٭  سعودی عرب میں کرونا لاک ڈاؤن کے بعد جمعرات تین جون سے دارالحکومت الریاض میں محافل موسیقی کی بحالی کا اعلان ہے۔۔۔ ایک خبر

اچھا ہے، کرونا کے تیسرے دور میں کون بچے گا کس کو معلوم ہے، اسی لئے کچھ عرصے سعودی کی واضح پالیسی ہے۔۔

بابر بہ عیش کوش کہ عالم دوبارہ نیست

٭بھارت میں معاشی بحران کی وجہ صرف کورونا یا حکومت کی نئی پالیسیاں؟۔۔۔ ایک سوال

دونوں نہیں، بقول ایک سیاسی لیڈر، لوگوں کا زیادہ کھانا اور خرچ کرنا ہی بھارت  میں معاشی بحران کی اصل وجہ ہے

٭کووڈ 19، ہیلتھ سیکٹر میں زبردست لوٹ مار، دواؤں کی قیمت میں کئی گُنا اضافہ، ذمہ دار کون؟۔۔۔ ایک سوال

عوام!! جو سستے علاج کو چھوڑ کر بے کار میں مہنگے علاج کی طرف دوڑ رہے ہیں، رام دیو بابا کی مانے تو ہیلتھ سیکٹر میں جو لوٹ مار مچی ہوئی ہے اس پر آسانی سے قابو پایا جاسکتا ہے۔ لوگوں کے چاہئے کے وہ الیو پیتھی علاج کی جگہ دیسی علاج کی طرف متوجہ ہوجائیں۔

٭مصیبت میں فائدہ تلاش کرنا انتہائی غیر انسانی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔۔۔ ایک عنوان

اور ہم میں سے اکثر کو غیر انسانی اور غیر اخلاقی اعمال کرنے کی میں ہی بہت مزہ آتا ہے اور اس کی عادت سی بھی ہوگئی ہے۔

٭یوپی میں خطرہ مول لینے کو تیار نہیں بی جے پی، وزیر اعلیٰ کی کرسی پر برقرار رہیں گے یوگی، اس ماہ ہوسکتی ہے کابینہ میں توسیع۔۔۔ ایک اہم خبر

یعنی یوپی کے آنے والی اسمبلی انتخابات میں بھی مندرمسجد، گؤ رکھشک وغیرہ کا مدعا ہی چھایا رہے گا۔ ترقی اور معاشی مسئلے پر کوئی توجہ نہیں ہوگی۔ دیکھتے ہیں وہاں کے عوام اس پر کیا رد عمل دیتے ہیں۔

٭کووڈ19کی ویکسین سے متعلق خدشات میں کتنا سچ کتنا جھوٹ۔۔۔ایک سوال

اکثر خدشات بے بنیاد ہیں۔ ایسا لگتا ہے سیاسی طور پر اسے مسئلہ بنا کر اچھالا جارہا ہے تاکہ وقت آنے پر اس کا بھر پور فائدہ اٹھا یا جاسکے۔

٭مسئلہ فلسطین کا دائمی حل امن عالم کے لئے بے حد اہم۔۔۔ ایک سرخی

 بے شک مسئلہ فلسطین کا دائمی حل امن عالم کے لئے بے حد ضروری ہے لیکن بلی کے گلے میں گھنٹی باندھے گا کون، کیونکہ ہر کوئی اس مسئلہ کے آڑ میں، اپنا الو سیدھا کرنے میں لگا ہوا ہے، ایسے میں کس سے توقع رکھیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی