تلخ و تُرش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی

  

٭تمام ہندوستانیوں کا ڈی این اے ایک ہے، جو لوگ لنچنگ میں شامل ہیں وہ ہندوتوا کے خلاف ہیں۔اگر کوئی ہندو کہتا ہے کہ کسی مسلمان کو یہاں نہیں رہنا چاہئے تو وہ ہندو نہیں ہے۔۔۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت

موہن بھاگوت جی آپ کے ان خوبصورت شبدھوں نے تو دل موہ لیا، لیکن ان پر اعتبار نہیں آرہا ہے کیا کریں؟ بقول غالب۔۔۔

کہ خوشی سے مر نہ جاتے اگر اعتبار ہوتا

٭ایندھن کے دام میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف کانگریس کا احتجاج۔۔۔ ایک خبر

اور کانگریس کر بھی کیا سکتی ہے، سوائے احتجاج اور شور کرنے کے!!

٭ایک دہائی میں ملک کا سیاسی کلچر پوری طرح تبدیل ہوگیا۔۔۔ ایک عنوان

ایک طرح سے یہ اچھا بھی ہوا، دوستی کے آڑ میں دشمنی رکھنے والے بہت سے چہرے بے نقاب ہوگئے، منا فقین کا پتہ چلا اور دوغلوں کے تعلق سے آگہی حاصل ہوئی۔

٭شام کی خانہ جنگی کے سبب بے دخل ہونے والے لاکھوں افراد کیمپوں میں رہنے پر مجبور۔۔۔ ایک خبر

افسوس!! صد افسوس!!!! لیکن جنہوں نے اس خانہ جنگی کو ہوا دی اور آج بھی اُس آگ میں اپنی مطلب کی روٹیاں سینک رہے ہیں وہ اپنے محلات میں مزے سے ہیں۔ سمجھنے والوں کے لئے اس میں بہت ساری نشانیاں ہیں۔

٭افغانستان سے امریکی فوج کا 90 فیصد انخلا مکمل، امریکی بغیر کچھ بتائے بگرام ائیر بیس سے رات کی تاریکی میں نکل گئے۔۔۔ ایک عا لمی خبر

لگتا ہے چچا غالب کا مشہور مصرعہ پھر سے دہرانے کا موقعہ آگیا ہے۔۔۔

بہت بے آبرو ہو کر ترے کوچے سے ہم نکلے

٭اسرائیل رواں سال اردن کو اضافی پانی فروخت کرے گا۔۔اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپیڈ

وہ لوگ جو پانی پی پی کر رات دن اسرائیل کو کوستے رہتے ہیں وہ کوسنے سے پہلے عرب ہمسایوں کے ساتھ اسرائیل کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو بھی نظر میں رکھیں تو بہتر ہے۔ حلق نہیں سوکھا گا۔

٭ ترقی کے جانب عرب خواتین کی انقلابی پیش قدمیاں جاری،اماراتی خاتون نورا المطروشی عرب دنیا کی پہلی خاتون ہوں گی جو خلا میں جائیں گی۔۔۔ایک خبر

برصغیر کے مسلمان توجہ دیں، وہ اپنی عورتوں کو خلا کے لئے نہ سہی گھر کی چار دیواری سے نکال کرکم از کم دنیا کے لئے تو تیار کریں۔

٭آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدربیرسٹر اسد الدین اویسی کا مشن یوپی:100سیٹوں پر الیکشن لڑنے کے اعلان کے ساتھ اقتدار میں حصہ داری کا مطالبہ۔۔۔ ایک سرخی

تو اس کا مطلب اس الیکشن کے بعد بحیثیت وزیر اعلیٰ یوگی کی واپسی طے ہے۔

٭پوتے پوتیوں نے اپنے70 سالہ دادا کو دوبارہ دولہا بنادیا۔ اہلیہ کے انتقال کے بعد تنہا زندگی گزاررہے ایک پروفیسر کی ان کے پوتے پوتیوں نے دوبارہ شادی کرادی۔۔۔ ایک خبر

کاش ایسے پوتے پوتیاں ہر ایک رنڈوے دادا کو نصیب ہوں۔

٭خرابی انجن میں ہے اور کوچز بدلے گئے، کابینہ کی تبدیلی پر کانگریس کا حملہ۔۔۔ ایک خبر

اچھا تبصرہ ہے، لیکن کانگریس کو بھی اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہئے کہ اس کے پاس اب نہ صحیح انجن ہے اور نہ ڈھنگ کے کوچز۔

٭کیا زوجین کے لئے ایک دوسرے کا موبائل چیک کرنا جائز ہے؟۔۔۔ ایک سوال

با لکل جائز ہے، لیکن نتائج کی ذمہ داری بھگتنے کے لئے تیار ہو کر یہ جراء ت کریں تو بہتر ہوگا۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی