تلخ و ترش ...................... اسانغنی مشتاق رفیقی
٭کانگریس میں شامل ہوئے جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر اور سی پی آئی رہنما کنہیا کمار، کہا یہ پارٹی نہیں بچی تو ملک نہیں بچے گا۔۔۔ ایک اہم خبر
کنہیا کمار جی! پہلے یہ دیکھنا ہے کہ آپ کتنے دن کانگریس میں جمے رہتے ہیں، یا آپ کو کتنے دن کانگریس کے گھاگ نیتا اپنے اندر سموئے رکھتے ہیں۔ ابھی آپ نے کانگریس کو سمجھا کیا ہے؟ اتنی جلدی اتنی لمبی لمبی مت پھینکئے کہ بعد میں پچھتا نا پڑے۔
٭اتر پردیش: مبینہ تبدیلی مذہب کے معاملے میں گرفتار اسلامی اسکالر مولانا کلیم صدیقی کو دس دن کی حراست میں بھیجا گیا۔۔۔ ایک خبر
یعنی بقول شاعر
منصف کو بھی خوب پتہ ہے، اکثر لوگ بھی جانے ہیں
لگوایا ہے کس نے شرارا، پھر بھی میں ہی مجرم ہوں
٭کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے اعلیٰ حضرت احمد رضا خان کی درگاہ کے لئے چادر روانہ کیا۔۔۔ ایک خبر
اس کامطلب الیکشن بہت قریب ہے اور کانگریس کو مسلمانوں کی ووٹوں کی ضرورت ہے اور بیچارے مسلمان، دیکھنا اتنی سی بات پہ کچھ ووٹ کانگریس کو بھی دے دیں گے اور یوں ان کا ووٹ بٹ کر،یوگی مہاراج کی جیت کی راہ ہموار کر دے گا۔
٭انگلینڈ میں ڈاینو سار کی دو نئی اقسام دریافت جو ساڑھے بارہ کروڑ سال پہلے گھوما پھرا کرتے تھے۔۔۔ ایک خبر
یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے، ہمارے یہاں تو آج بھی کئی انسان نما خون آشام خطرناک ڈاینوسارشہر شہر قریہ قریہ گھوم پھر کر بھولے بھالے انسانوں کا شکار کرتے ہیں، ان کی لینچنگ کرتے ہیں اور پھر ان کے لاشوں پر رقص کرتے ہیں۔
٭ہوسکتا ہے کہ امریکہ بالآخر طالبان حکومت کو تسلیم کر لے: سابق امریکی جنرل۔۔۔ وائس آف امریکہ
ہوسکتا ہے نہیں ایسا ضرور ہو کر رہے گا۔ موجودہ حالات میں چین کو نکیل ڈالنے کے لئے امریکہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے کیونکہ یہ اس کی انا اور بقا کا سوال ہے۔
٭کیا دلت وزیر اعلیٰ بنا کر پنجاب جیت پائے گی کانگریس۔۔۔ ایک سوال
یہ تو وقت ہی بتائے گالیکن لگتا ہے اپنی غلط سیاسی فیصلوں اور حرکتوں سے کانگریس پنجاب میں جیتی ہوئی بازی ہارنے والی ہے۔
٭پیرس کی ایک عدالت نے فرانس کے سابق صدر نکولا سرکوزی کو 2021 کی اپنی انتخابی مہم میں اخراجات کی قانونی حد سے زیادہ تجاوز کرنے کی پاداش میں ایک سال قید کی سزا سنائی۔۔۔ ایک خبر
اگر ایسا ہمارے ملک میں ہوا تو شاید ہی کوئی سیاسی لیڈر جیل جانے سے بچ پائے گا۔
٭وزیر اعظم شری نریندر مودی کا دورہء امریکہ کامیاب تھا یا نا کام۔۔۔ ایک سوال
پتہ نہیں، بقول شاعر
شاید تمھیں پتہ ہو، ہمیں تو خبر نہیں
ہم کامیاب ٹہرے کے ناکام، کیا ہوئے
٭کیا مہا تما گاندھی کو حکومت نے ویلن اور گوڈسے کو ہیرو بنا دیا ہے۔۔۔ ایک چبھتا سوال
بظاہر تو نہیں لیکن آج کل ملک میں جس قسم کی سیاست ہورہی ہے اس سے تو یہیں لگتا ہے۔
Comments
Post a Comment