تلخ و ترش .................. اسانغنی مشتاق رفیقی

٭کیا پرینکا گاندھی یوپی کی اگلی وزیر اعلیٰ ہوں گی؟۔۔۔ ایک سوال یہ بات یو پی کے عوام ہی آنے والے اسمبلی انتخابات میں طے کریں گے، لیکن اگر ایسا ہو جائے تو کیا بی جے پی خاموش بیٹھ جائے گی؟ کیا وہ اس کو آسانی سے ہضم کر لے گی؟ سوچئے گا ضرور۔ ٭دیوالی کو”جشن رواج“ کہنے والے اشتہار کے سبب فیب انڈیا ہندو توا گروپس کے نشانے پر۔۔۔ ایک خبر نفرت وہ جو سر چڑھ کر بولے،شاید اسی کو کہتے ہیں،افسوس صد افسوس!!خود ہندوستان میں پیدا ہوئی اردو جیسی خوبصورت زبان کوتعصب اور اندھ بھگتی نے ایک مخصوص فرقے کی زبان بناکر کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ ٭کیا لکھیم پور تشدد کا اثر یوگی آدتیہ ناتھ کے انتخابی امکانات پر پڑے گا؟۔۔۔ ایک سوال مشکل ہے، بی جے پی انتخابات کے وقت اس سے بھی بڑا مسئلہ کھڑا کرنے کا تجربہ اور حوصلہ رکھتی ہے، ایسا مسئلہ جس سے ماحول اتنا گرم ہو کہ جیت پکے ہوئے پھل کی طرح اس کی جھولی میں آگرے۔ ٭کوئلے اور بجلی کے ممکنہ بحران کے لئے خود مودی سرکار ذمہ دار ہے۔۔۔ ایک تبصرہ صرف اس ایک بحران کے لئے نہیں اور بھی کئی بحران کی ذمہ دار ہے لیکن جب”سیاں بھئے کوتوال تو ڈر کاہے کا“، یعنی عوام کی ایک بڑی اکثریت، ذرائع ابلاغ اور نوکر شاہی جب تک اس کے ہاتھ میں ہے تو فکر کی کیا بات ہے۔ اپوزیش کتنا بھی چلّالے کچھ نہیں ہونے والا۔ ٭افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ لڑکیوں اور خواتین اساتذہ کوجلد ہی یونیورسٹیوں اور اسکولوں میں واپس لوٹنے کی اجازت دی جائے گی۔۔۔ ایک خبر اے کاش!! سچ میں ایسا ہی ہو، لیکن جو خبریں آرہی ہیں اس میں ایسا ہونا بہت مشکل لگ رہا ہے۔ ٭مولانا ارشد مدنی کا مسلم مخالف چینل سدرشن کو انٹریو۔۔۔ ایک خبر اس کے پس منظر میں کچھ اور بھی ہے جو لوگ بین السطور پڑھنے کا ہنر رکھتے ہیں وہ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں بقول شاعر جانا پڑا رقیب کے در پر ہزار بار اے کاش جانتا نہ ترے رہ گذر کو میں ٭ہندوستان پاکستان کرکٹ میچ کے خلاف عوام اور سیاستدان، اویسی نے بھی کی مخالفت۔۔۔ ایک خبر صحیح بات ہے، جب دلوں میں اتنا غبار ہے کہ کچھ بھی سجھائی نہیں دے رہا ہے تو ایسے میں،ایسے بیکار کے مشقتوں سے اور بھی بد گمانیاں بڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔ ٭ مائکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس کی صاحبزادی جینیفرگیٹس نے اپنے مسلمان دوست نائیل ناصر سے شادی کی۔۔۔ ایک خبر سوائے ایک طویل آہ بھرنے کے ہم اس خبر پر کر بھی کیا سکتے ہیں،سب قسمت کی بات ہے۔ ٭کیا علی گڑھ اور دیوبند دوکنارے پرہیں؟ کیا ان میں اتحاد کبھی بھی ممکن نہیں؟۔۔۔ ایک سوال دونوں کی سو سالہ تاریخ سے تو ایسا ہی لگتا ہے، پتہ نہیں مستقبل میں ان دونوں کے لئے کیا ہے لیکن اتنا تو طے ہے کہ جس دن یہ دونوں کنارے ایک ہوجائیں گے، وقت ان کے مٹھی میں ہوگا۔ ٭اسرائیل کے علاقائی تعلقات کے وزیر اساوی فریج نے دعویٰ کیا ہے کہ مخالف ممالک سمیت براہ راست یا با لواسطہ، اسرائیل کے تمام عرب مما لک کے ساتھ تعلقات ہیں۔۔۔ ایک بین الاقوامی خبر اس پر کیا تبصرہ کریں۔۔۔ بقول شاعر پیار کی آنکھ سے دشمن کو بھی جو دیکھتے ہیں ہم نے ایسے بھی ہیں اللہ کے پیارے دیکھے ٭افغانستان کے شہر قندھار کی امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 32 افراد ہلاک، 53 زخمی۔۔۔ ایک خبر پتہ نہیں افغانستان کی زمین کی پیاس اور کتنے مظلوموں کے لہو سے بجھے گی، کبھی بجھے گی بھی یا نہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی