تلخ وترش ........... اسانغنی مشتاق رفیقی
٭ بی جے پی نے مالی سال 2019-20 میں 4,847.78کروڑ روپے کے اپنے اثاثوں کا اعلان کیا، جو ہندوستان کے تمام سیاسی جماعتوں میں سب سے زیادہ ہے۔ ا سکے بعد ظاہر کئے گئے اثاثوں کی فہرست میں بی ایس پی698.33کروڑ روپے اور کانگریس 588.16کروڑ روپے کا نمبر آتا ہے: ایسو سی ایشن فار ڈیمو کر یٹک ریفارمز۔۔۔ پی ٹی آئی
بی جے پی کے تعلق سے نیک گمان رکھیں،شاید وہ اپنے لیڈر کی بات کو سچ ثابت کرنے کے لئے اور ملک کے ہر فرد کے اکاؤنٹ میں پندرہ پندرہ لاکھ جمع کرنے کے لئے یہ سب جھمیلے اٹھا رہی ہو۔
٭چینی محققین کی ایک تحقیق کے مطابق ایک قسم کا کورونا وائرس ’نیو کو‘، جو جنوبی افریقہ میں چمکاڈروں کے درمیان پھیلتا ہے، مستقبل میں انسانوں کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔۔۔ پی ٹی آئی
مستقبل میں انسانوں کے لئے انسان سے بڑا خطرہ شاید ہی کوئی اور شئے ہو۔ اس لئے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، وائرس کتنا بھی بڑا خطرہ بن جائے، وائرس ہی ہوتا ہے، انسان نہیں۔
٭سرکاری طیارہ کمپنی ائیر انڈیا ہوئی ملک کی معروف صنعتی کمپنی ٹاٹا سنز کے حوالے۔۔۔ (یو این آئی)
یہ دنیا اور یہاں کی ہر چیز ایک مدار کے تحت چلتی ہے، ہر چیز کو لوٹ کر اپنی اصل کی طرف آنا ہی آنا ہے۔ ٹاٹا سنز کی طرف ائیر انڈیا کی حوالگی اس کی ایک واضح مثال ہے۔ ”لوٹ کے مہاراجہ گھر کو آئے“۔
٭امریکن ارب پتی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ امریکن پریسڈنٹ جو بائیڈن امریکی عوام کے ساتھ احمقوں جیسا سلوک کرتے ہیں۔۔۔ اے این آئی
احمقوں کے ساتھ احمقوں جیسا سلوک ہی کیا جاتا ہے، اس میں حیرت کی کیا بات ہے۔ویسے بھی سرمایہ دارانہ نظام میں عوام کی حیثیت احمق کی ہی ہوتی ہے۔
٭مجھے فخر ہے کہ میں کبھی این سی سی کا ایک فعال کیڈٹ رہاہوں۔۔۔ وزیر اعظم نریندر مودی
کبھی چائے بیچنے والا، کبھی نہر میں مگرمچھ سے لڑائی لڑنے والا، کبھی بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کا سپاہی، کبھی یہ کبھی وہ اور اب ین سی سی کیڈٹ، سچ میں ہمارے صاحب اپنی مثال آپ ہیں۔
٭سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کے امریکہ میں ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ایک پروگرام میں شرکت اور بے باک تبصرے سے بی جے پی اور وی ایچ پی چراغ پا۔۔۔ (یو این آئی)
اس خبر پر حفیظ میرٹھی کا ایک شعر عرض ہے:
رات کو رات کہہ دیا میں نے
سنتے ہی بوکھلا گئی دنیا
٭ریلوے کی آر آر بی این ٹی پی سی امتحان کے سیاق میں مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے بہو جن سماج پارٹی سپریمو مایا وتی نے کہا ہے کہ بی جے پی نوجوانوں سے پکوڑے فروخت کروانے کی اپنی ذہنیت تبدیل کرے۔۔۔ (یو این آئی)
کیوں تبدیل کرے؟ پکوڑا فروخت کرنا ایک کاروبار ہے جس طرح ائیر انڈیا بیچنا، ہوائی اڈے بیچنا، ریلوے بیچنا، بندر گاہیں بیچنا، جب حکومت خود اس طرح کا کاروبار کر سکتی ہے تو نوجوانوں کے پکوڑے بیچنے میں کیا برائی ہے۔
٭سعودی عرب ریاض کے بکر الشیدی تھیٹر میں ایک شاندار تقریب منعقد کر کے ٹیلی ویژن سنیما سوشیل میڈیا کھیلوں اور موسیقی سے جڑے تفریح مہیا کرنے والے تقریبا 200سے زیادہ عرب اور بین الاقوامی فن کاروں کو جوائے ایوارڈز سے نوازا گیا۔۔۔ عرب نیوز
شہزادہ سلمان بہت چالاک شخص ثابت ہورہے ہیں، کمال ہوشیاری سے تفریح اور عیش کوشی کے وہ سب وسائل گھر لے آئے ہیں جن کے لئے عرب شیخ دوسرے ممالک جا کر کثیر زر مبادلہ لٹاآتے تھے اور یوں انہوں نے اپنی دولت اپنے گھر لٹانے کا انتظام کر کے ملک کا بہت بڑا فائدہ کر لیا ہے۔ بھلے سے اس کی وجہ سے ملک کا اسلامی تشخص ختم ہی کیوں نہ ہوجائے۔
٭کانگریس پارٹی بجٹ اجلاس میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کے مسائل، چینی تجاوزات، کورونا متاثرین کے لئے ریلیف پیکج جیسے عوامی مسائل پر حکومت کو گھیرے گی۔۔۔ (یو این آئی)
جیسے حکومت کوئی ہاتھی ہے اور یہ ہانکا کر کے اس کا شکار کرناچاہتے ہیں۔ اپوزیشن کی ایسی وقتی ابال سے حکومت کا بال بھی بیکا نہیں ہونے والا۔ دیکھنااُلٹا اس ہنگامے میں حکومت آسانی سے کئی اہم بل پاس کرالے گی۔
٭بھارت نے اسرائیل کے ساتھ ہتھیاروں کے ایک بڑے معاہدے کے حصے کے طور پر 2017 میں متنازعہ سپائی وئیر ٹول پگاسیس خریدا تھا۔۔۔ دی نیویارک ٹائمس
اچھا تو بیچ چوراہے پہ بھانڈا پھوٹ ہی گیا، چلو اب جو بھی ہوگا دیکھا جائے گا۔ زیادہ سے زیادہ کیا ہوگا،اپوزیشن والے کچھ دن چلائیں گے اور بس۔جب تک مندر مسجد، ہندو مسلمان جیسے مدعے عوام میں چھائے رہیں گے بڑے سا بڑا اسکینڈل اور انکشاف سے بھی کچھ نہیں ہونے والا۔
٭مودی حکومت نے سینئر کانگریس قائد اور سابق وزیر اعلیٰ جموں کشمیر، غلام نبی آزاد کو پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا۔۔۔ (یو این آئی)
سچ ہی کہا گیا ہے”سیاست میں کون کب کس کا دوست بن جائے اور کون کب کس کا دشمن کچھ کہا نہیں جا سکتا۔“ویسے اتنا تو کہا جاسکتا ہے کہ اس انعام کے پیچھے ضرور احسانات کی کوئی لمبی کہانی ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment