تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی

٭ایک نئی حقیقت شکل اختیار کررہی ہے۔ یک قطبی دنیا اب قصہ پارینہ بنتی جارہی ہے اور اس کی جگہ ایک کثیر قطبی دنیا جنم لے رہی ہے۔ زمین پر اب کسی کو بھی دوسرے درجہ کا کھلاڑی نہیں سمجھا جائے گا، تمام قومیں مساوی اور خود مختار ہیں۔۔۔ سرگئی لاروف وزیر خارجہ روس پہلی بات تو ٹھیک ہے لیکن دوسری بات!!اگر واقعی تمام قومیں مساوی ہیں تو روس کا یوکرین پر حملہ اور اس طرح کی دوسری حرکتیں کس خانے میں رکھی جائے !!!؟۔ ٭عدالت عالیہ کے منصف اعلیٰ این وی رمنا کاکہنا ہے کہ لوگ مایوسی کے وقت پولیس سے رجوع کرنے سے ہچکچاتے ہیں کیونکہ بدعنوانی، زیادتیوں، غیرجانبداری کے فقدان اور سیاسی طبقے کے ساتھ گٹھ جوڑ کی وجہ سے اس کی شبیہ خراب ہے۔۔۔پی ٹی آئی عدالتوں کے تعلق سے بھی ملک کے اکثر لوگوں کا یہی خیال ہے، اگر عزت مآب منصف اعلیٰ اس پر بھی تبصرہ کریں تو بہت بہتر رہے گا۔ ٭ایک دھڑ میں دو زندہ بچوں کی پیدائش سے ڈاکٹرز حیران!!مدھیہ پردیش میں ایسے بچے پیدا ہوئے ہیں جن کے دو سر، تین ہاتھ اور دو دل ایک ہی دھڑمیں موجود ہیں۔۔۔ انڈیا ٹو دے ایک ایسا دور جس میں آبادی کی اکثریت دو دماغ اور دو دل لے کر جی رہی ہے ایک دھڑ میں دو زندہ بچوں کی پیدائش کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے۔ ٭پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں ہورہے مسلسل اضافے کے سلسلے میں مرکزی و ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومتوں پر طنز کستے ہوئے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ تقریبا 80 پیسہ فی لیٹر کی شرح سے پٹرول کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ سے لگتا ہے کہ سال کے آخر تک پٹرول کی قیمت275 روپئے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔۔۔ یو این آئی اگر اس سے زیادہ بھی ہوجائے تو بھی کوئی فرق نہیں پڑنے والا،20 فیصد کو دبائے رکھنے کے لئے اسّی پیسہ فی لیٹر ہی نہیں،آٹھ سو پیسہ فی لیٹر یا آٹھ ہزار پیسہ فی لیٹر یا اسّی ہزار پیسہ فی لیٹر بھی خرچ کرنا پڑے تو کرنے کے لئے اندھ بھگت تیار بیٹھے ہیں۔ ٭پنجاب اسمبلی نے چندی گڑھ کو فوری طور پر پنجاب منتقلی کرنے کی قرار داد منظور کی۔۔۔ پی ٹی آئی یہ ہاتھی کے دکھانے کے دانت ہیں تاکہ عوام کی توجہ اس طرف مبذول رہے، سچ پوچھیں توہاتھی کے چبانے دانت اور ہیں۔ ٭مدراس ہائی کورٹ نے چنئی میں گرفتار ایک غیر قانونی بائیک ریسر کو ضمانت کی شرط کے طور پر تیس دن کے لئے چنئی کے سٹینلے ہسپتال میں ٹروما وارڈ بوائز کی مدد کرنے کا حکم دیا تاکہ اسے سڑک حادثات کے متاثرین کے مصائب کا انداز ہ ہوسکے۔۔۔ٹائمز آف انڈیا کمال کا فیصلہ، قابل تعریف ہی نہیں قابل تقلید بھی۔ اگر ایسے قانون شکنوں کو ایسی ہی سزائیں دی جائیں تو سڑک حادثات میں بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ ٭مہارشٹرکانگریس کے صدر ناناپٹولے نے کہا ہے کہ چائے پہ چرچا اور پریکشا پہ چرچا کرنے میں مصروف وزیر اعظم مودی مہنگائی پہ چرچا کب کریں گے؟۔۔۔ پی ٹی آئی جب مرکز میں کانگریس کی حکومت بنے گی اور کوئی کانگریسی رہنما وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھے گا، اس وقت صرف مہنگائی پر ہی نہیں حکومت کی ایک ایک سانس پر چرچا ہوگی۔ انتظار کریں۔ ٭امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک ایسے وقافی قانون پر دستخط کئے جو ملک میں بھیڑ قتل (موب لینچنگ) کو ایک وفاقی نفرت انگیز جرم بناتا ہے۔ اس نئے قانون کے تحت اس جرم میں ملوث افراد کوزیادہ سے زیادہ تیس سال قید اور جرمانہ کی سزا دی جاسکتی ہے۔۔۔ الجزیرہ پتہ نہیں ہندوستان کے حکمرانوں کی سمجھ میں یہ بات کب آئے گی اور یہاں بھی بھیڑ قتل(موب لینچنگ) پر ایسا ہی کوئی سخت قانون بنے گا۔ ٭چین کی افغانستان میں ممکنہ سرمایہ کاری کی امید میں طالبان بدھا کے مجسموں کی حفاظت کرنے پر مجبور۔۔۔ سی این بی سی وقت کس موڑ پہ لے آیا ہے افغانوں کو پاسباں مل گئے کعبے سے صنم خانوں کو ٭پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تنازعات کو بات چیت کے ذریعے پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے سفارت کاری کے استعمال پر یقین رکھتا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس پتہ نہیں اونٹ پہاڑ کے نیچے خود آیا ہے یا لایا گیا ہے۔اب یہ مت پوچھیں کہ کس کے کہنے پہ آیا یا لایا گیا ہے۔ ٭ہندوستانی جمہوریت کے لئے خاندانی سیاسی جماعتیں خطرہ ہیں۔ بی جے پی واحد پارٹی ہے جونظریات پر مبنی ہے۔۔۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا یہ اور بات ہے کہ بی جے پی کے بڑے رہنماؤں کی اولاد یں اور بھائی بھتیجے بھی پارٹی اور حکومت کے اہم عہدوں پر براجمان ہیں، لیکن چونکہ بی جے پی نظریات پر مبنی پارٹی ہے اس لئے اس کے یہاں ایسی باتوں کو خاندانی سیاست نہیں کہا جاتا اور بھگت بھی ایسا ہی مانتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی