تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی
٭ صحت مند جمہوریت کے لیے ضروری ہے کہ لوگ محسوس کریں کہ ان کے حقوق اور وقار کو تسلیم کیا گیا ہے اور ان کا تحفظ کیا گیا ہے، انصاف سے انکار بالآخر انتشار کا باعث بنے گا۔۔۔ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا
اگر یہ بات صرف قول نہ بن کر عمل میں بھی دکھائی دے تو ہندوستان کے وارے نیارے ہوسکتے ہیں۔
٭مہنگائی ناقابل قبول حد تک بڑھ گئی ہے۔ حکومت اپنی غلط پالیسیوں سے مہنگائی کو ہوا دے رہی ہے۔۔۔ کانگریس رہنما پی چدمبرم
اگر مہنگائی آج کے مقابلے میں سو فیصد بھی بڑھادی جائے پھر بھی عوام کی ایک بڑی اکثریت ملک کے ایک مخصوص طبقے کو سبق سکھانے کی خاطر اسے بھی قبول کر لے گی، یہ ہے اندھ بھگتی کا کمال ہے۔
٭اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مغربی کنارے میں الجزیرہ کی فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیرین ابو العاقلہ کے قتل اور ایک دوسرے صحافی کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے۔ مسز ابوالعاقلہ کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ جنین میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے آپریشن کی کوریج کر رہی تھیں۔۔۔ یو این آئی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کے خلاف صرف مذمتی قرار داد ہی پاس کر سکتی اور کچھ نہیں کر سکتی، یہ وہ کڑوی سچائی ہے جسے دنیا کئی دہائیوں سے دیکھ کر بھی ان دیکھی کر رہی ہے۔
٭سپریم کورٹ نے غداری قانون کے استعمال پر روک لگا دی اور مرکز اور ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس قانون پر نظرثانی ہونے تک غداری کا الزام لگانے والی کوئی نئی ایف آئی آر درج نہ کریں۔ زیر التوا مقدمات میں سپریم کورٹ نے کہا کہ جو لوگ بغاوت کے الزامات کے تحت جیلوں میں بند ہیں وہ عدالتوں سے رجوع کر سکتے ہیں اور ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں۔۔۔ ملکی میڈیا
ایک اچھا فیصلہ ، دیکھتے ہیں اس کا نفاذ کب ہوتا ہے
٭بھارت نے فوری طور پر گندم کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی۔۔۔ پی ٹی آئی
ابھی دو چار دن قبل تو صاحب نے کہا تھا کہ وہ دنیا کو بھکمری سے بچانے کے لیے اناج مہیا کرائیں گے ! پتہ نہیں اتنے میں کیا ہوگیا۔؟
٭کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی لیڈروں سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس نے اپنے تمام کارکنوں کو بہت کچھ دیا ہے، اس لیے اب پارٹی کا قرض ادا کرنے کا وقت آگیا ہے اور سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔۔۔ یو این آئی
دودھ کا قرض، مٹی کا قرض تو سنا تھا یہ پارٹی کا قرض پہلی مرتبہ سننے کو مل رہا ہے۔ اگر بالی ووڈ والے اس پر ایک فلم بنا دیں تو مزہ آجائے گا اور بات سبھوں کی سمجھ میں بھی آجائے گی۔
٭عراقی پارلیمنٹ میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کرنے والے شہریوں، رکن پارلیمنٹ کو پھانسی یا عمر قید کی سزا کا قانون منظور، قانون کا مقصد مستقبل میں کسی ایسے منصوبے کو ہمیشہ کے لئے روکنا ہے، نئے قانون کا مسودہ پارلیمنٹ میں کثرتِ رائے سے منظور کرلیا گیا۔۔۔ ترکی اردو
سائنسی اور تعلیمی ترقی سے بہت دور آج کل مسلم ممالک کو ایسے ہی جذباتی مسئلوں میں الجھا کر رکھا جارہا ہے تاکہ وقت ضرورت ان کا کامیاب استحصال ممکن ہوسکے۔
Comments
Post a Comment