تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی

٭مرکزی حکومت کی ’اگنی پتھ‘ اسکیم، فوجی بھرتی کی نئی پالیسی پر پرتشدد احتجاج میں شدت، بہار اور اتر پردیش کے کئی حصوں میں پر تشدد مظاہرے،ہجوم نے کئی ریاستوں میں ٹرینوں کو آگ لگا دی،مظاہرے بی جے پی کی حکومت والی مدھیہ پردیش اور ہریانہ تک پھیل چکے ہیں۔۔۔ این ڈی ٹی وی یعنی بالآخر مرکزی حکومت نے اپنی دانست میں عوام کو اگنی پتھ پر لاہی دیا۔ اب دیکھتے ہیں کون اس اگنی پتھ سے سرخرو ہو کر نکلتا ہے۔ ٭سعودی عرب کے لئے امریکہ کے نئے نامزد سفیر مائیکل ریٹنے نے کہا ان کی ذمہ داری سعودی انرجی پالیسی کو امریکی ترجیحات کے مطابق بنانا اوردونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط کرنا ہے، وہ اس ماہ ریاض میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔۔۔ ترکیہ اردو یاد رہیں امریکی ترجیحات کے مطابق، یعنی اب ہم کیا بتائیں!! آپ خود بہتر سمجھتے ہیں۔ ٭ فوج میں اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک گیر احتجاج کے درمیان کانگریس نے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ دہرایا اور حکومت کو خبردار کیا کہ وہ ملک کی سلامتی کے ساتھ نہ کھیلے۔۔۔ یو این آئی روپیوں کے ساتھ کھیلیں تو معاشی گڑ بڑ شروع ہوجاتی ہے، کسانوں کے ساتھ کھلیں تو وہ سالوں احتجاج میں راستہ روکے کھڑے ہوجاتے ہیں، اقلیتوں کے ساتھ کھیلیں تو باہر سے دباؤ آنا شروع ہوجاتا ہے، کانگریس کے ساتھ کھیلیں تو وہ سڑکوں پر ہنگامہ شروع کردیتے ہیں، اب بیچاری حکومت کرے بھی تو کیا کرے، کس سے کھیلیں؟ ٭ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بطور تحفہ صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی کو آم بھیجوائے ہیں۔ بنگلہ دیش ہائی کمیشن نے 1,200 کلوگرام امرپالی آم دہلی پہنچایا۔۔۔ یو این آئی مینگو ڈپلومیسی، پتہ نہیں اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں، جہاں تک دنوں ملکوں کے عوام کا معاملہ ہے وہ آم کھانے سے مطلب رکھتے ہیں گٹھلیاں گننے سے نہیں۔ ٭'بھارت ماتا کی جئے'، 'اگنی پتھ واپس لو' کے نعرے لگاتے ہوئے، نوجوانوں نے فوجیوں کو بھرتی کرنے کی مرکز کی نئی اسکیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یوپی کے بلیا میں خالی ٹرین کو آگ لگا دی، کچھ دوسری ٹرینوں میں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔۔۔ پی ٹی آئی صرف لاٹھی چارج، بلڈوزر کہاں ہے؟ کیا بلڈوزر ان دنگائیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے لئے نہیں پہنچا؟ اگر نہیں پہنچا تو کب پہنچے گا؟ ٭"مسئلہ فلسطین کا حل مشرق وسطیٰ میں امن اور دیرپا تعاون کے قیام کی واحد کلید ہے۔" ۔۔۔ عرب ریاستوں کی لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط تقریبا ستر سالوں ایک ہی ڈائلاگ سنتے سنتے کان پک گئے ہیں، ان رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ اپنے اسکرپٹ پر اس مسئلے پر کچھ کہنے سے پہلے نظر ثانی کر لیں۔ ٭ سری لنکا میں پیٹرول کی قلت۔اسکول اور سرکاری دفاتر بند، اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سری لنکا میں پانچ میں سے چار افراد کو پیٹ بھر کھانا دستیاب نہیں۔۔۔ دی انڈیپنڈنٹ اردو سری لنکا کو چاہئے کہ وہ صاحب سے کہہ کر ان کے مسائل کے حل کا کانٹریٹ صاحب کے کسی دوست کے حوالے کردیں، اس کے بعد صاحب سب سنبھال لیں گے۔ ٭میں اپنے نوجوان دوستوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ یہ اگنی پتھ ایک انقلابی اسکیم ہے۔ میں جانتا ہوں کہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،لیکن میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ وزیر اعظم نریندرمودی پر بھروسہ رکھیں۔ میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس اسکیم کو اچھی طرح سمجھیں۔۔۔ بی جے پی سربراہ جے پی نڈا ترے وعدے پر جئے ہم تو یہ جان جھوٹ جانا کہ خوشی سے مر نہ جاتے اگر اعتبار ہوتا ٭سوئس بینکوں میں ہندوستانی فنڈز 50 فیصد بڑھ کر 30,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ 2021 میں یہ اعداد و شمار 2.92 بلین سوئس فرانک تھے۔ سوئس بینکوں میں موجود رقم کا تعلق ہمیشہ ہندوستان سے باہر رکھے جانے والے کالے دھن سے رہا ہے۔۔۔ دی نیو انڈین ایکسپرس لگتا ہے پندرہ لاکھ کا وعدہ پورا کرنے کئے رقم اکھٹا کیا جارہا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہر حال میں صاحب سے حسن ظن رکھیں۔ ۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی