تلخ و ترش ............... اسانغنی مشتاق رفیقی

٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جدید بنیادی ڈھانچہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے میں بہت بڑا کردار ادا کرتا ہے اور حکومت زراعتی شعبے سے لے کر صنعت تک جدید سہولیات کو معاونت فراہم کر رہی ہے۔۔۔ اے این آئی صاحب کی ہر بات سورج کی طرح روشن اور سمندر کی طرح گہری ہوتی ہے،ایک عام آدمی بھی اس کی سچائی تک باآسانی پہنچ سکتا ہے کیونکہ ان کی حکومت کی معاونت سے وہی تو فیضیاب ہورہا ہے۔ ٭گوتم اڈانی، دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص: ہندوستان سے باہر بہت کم لوگوں نے چند سال پہلے تک گوتم اڈانی کے بارے میں سنا تھا۔ لیکن یہ ہندوستانی تاجر، کالج کی تعلیم منقطع چھوڑنے والے، جنہوں نے کوئلے کی تجارت میں قدم رکھنے سے پہلے ہیروں کی تجارت میں اپنی قسمت آزمائی تھی، اس ہفتے دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے۔۔۔ بلومبرگ بے شک، صاحب کے ہندوستان میں جس شخص کے سر پر صاحب کا خاص ہاتھ ہو وہ دنیا کا پہلا امیر ترین شخص بھی بن جائے کوئی تعجب کی بات نہیں۔ ٭ کیا پاکستان اپنے بدترین سیلاب کا ذمہ دار ہے؟ پاکستان میں اوسط سے 190 فیصد زیادہ بارش ہوئی، سیلاب سے 1265 اموات کی تصدیق ۔۔۔ ایجنسیز دنیا میں گلوبل وارمنگ اور موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے جو تباہیاں آنے والی ہیں یہ اس کا پیش خیمہ ہے، اگر انسانوں نے ابھی بھی اس خطرے کو نہیں سمجھا تو یہ آگے چل کر پوری دنیا پر بہت بڑی تباہی لاسکتا ہے۔ ٭ میں ڈپریشن میں ہوں اور خود کو تنہا محسوس کر رہا ہوں۔ سناتن دھرم میں مجھے وہ پیار اور محبت نہیں ملی ہے جیسے کسی پرانے رشتے دار کو گھر واپسی پر ملتی ہے۔۔۔ جتیندر نارائن تیاگی سابق وسیم رضوی افسوس!! نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم نہ اِدھر کے رہے نہ اُدھر کے رہے ٭میں ان کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔ جو سیاسی طور پر ہم سے لڑ نہیں سکتے وہ ہمیں ڈرانے کے لیے ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کر رہے ہیں۔۔۔ ابھیشیک بنرجی، ٹی ایم سی ایم پی جب اچھے اچھے جھک گئے اور خود ان کی دیدی آج کل لڑکھڑا رہی ہیں تو یہ بھلا کب تک کھڑے رہ سکتے ہیں۔ سب کہنے کی باتیں ہیں بس!!! ٭ ہندوستان برطانیہ سے آگے بڑھ کر دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔۔۔ایجنسیز عبرت کا مقام ہے، کبھی آدھی دنیا پر حکومت کرنے والا ملک اپنی ایک آزاد کردہ ریاست سے معیشت کے میدان میں پیچھے ہو گیا، اسی کو کال چکر کہتے ہیں۔ ٭ایران نے امریکہ سے "ٹھوس ضمانت" کا مطالبہ کیا ہے، دوسری طرف یورپی یونین کا خیال ہے کہ جوہری معاہدہ اگلے چند دنوں میں ہوجائے گا۔ تاہم اسرائیل اس مجوزہ معاہدے کی سخت مخالفت کر رہا ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو کیونکہ اسرائیل جانتا ہے کہ اگر امریکہ اور یورپی یونین کا ایران کے ساتھ یہ معاہدہ ہوگیا تو علاقے میں اس کے سیاسی دبدبے پر بہت بڑا فرق پڑے گا اور مستقبل میں وہ اپنی تمام تر طاقت کے باوجود کچھ نہیں کر پائے گا۔ ٭جے ڈی یو کے قومی صدر لالن سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بدعنوانی کے خلاف نہیں بلکہ ان کو چیلنج کرنے والے اپوزیشن لیڈروں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔۔۔ آئی اے این ایس لڑا اس سے جاتا ہے جس سے خطرہ ہو، صاحب جانتے ہیں کہ انہیں خطرہ کس سے ہے اور کس سے تقویت مل رہی ہے۔ ٭سری لنکا کے سابق صدر گوٹابایا راجا پکسے ملک میں غیر معمولی اقتصادی بحران کے خلاف بڑے پیمانے پر بغاوت کے بعد ملک سے فرار ہونے کے دو ماہ سے بھی کم وقت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔۔۔ یو این آئی ہر جگہ سے دھتکارے جانے کے بعد بالآخر لوٹ کے بدھو گھر کو آئے۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اپنا گھر ہر حال میں اپنا ہوتا ہے چاہے اس کے ساتھ غداری کر کے خود بھاگے ہوں یا بھگائے گئے ہوں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی