تلخ وترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی

٭ بھارت جوڑو یاترا خاموش انقلاب لا رہی ہے، دیکھنا یہ بھارت کے سیاسی منظر نامے کو بدل کر رکھ دے گی۔۔۔ صدرکانگریس پارٹی ملکارجن کھرگے لگتا ہے کانگریس صدر کچھ زیادہ ہی بول گئے ہیں کیونکہ اگر ایسا ہے تو اس خاموش انقلاب کی آہٹ سیاسی گلیاروں میں کیوں محسوس نہیں کی جارہی ہے !!؟؟ ٭کانگریس ایک ڈوبتا ہوا جہاز ہے، جس کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے اور کانگریس 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد ہندوستانی سیاست سے باہر ہوجائےگی۔۔۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ یہ تو وقت ہی بتائے گا کہ کون باہر ہوتا ہے اور کون اندر ، دوسری بات کانگریس ڈوبتا جہاز نہیں بلکہ وہ ہاتھی ہے جو ہزار لٹنے پر بھی لاکھ من کا ہوتا ہے۔ ٭یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کیف میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر (NSA) جیک سلیوان سے ملاقات کی تاکہ جنگ زدہ ملک کے لیے مزید امریکی حمایت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔۔۔ آئی اے این ایس لگتا ہے انکل سام یوکرین کو دوسرا افغانستان بنا کر ہی چھوڑیں گے ۔ ٭ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آج ملازمتوں کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے اور حکومت اس کے مطابق مختلف قسم کے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مصروف ہے۔۔۔ یو این آئی بے شک بے شک!! حکومت نے روز گار کے اتنے مواقع پید اکر دئے ہیں کہ اب بے روز گاری ایک ایسا خواب بن کر رہ گئی ہے جو کسی کو نظر ہی نہیں آتی، نہ جاگتوں کو نہ سوتوں کو اور بھگتوں کو تو اس کا تصور تک بھی نہیں چھوتا۔ ٭ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمیشن کی خود مختار حیثیت پر اٹھائے جانے والے سوالات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "اقدامات الفاظ سے زیادہ بلند آواز میں بولتے ہیں"۔۔۔ آئی اے این ایس اور الیکشن کمیشن کے اقدامات جیسے گجرات اسمبلی انتخابات کے لئے تاریخ کا اعلان اس بات کا واضح ثبوت ہیں !!!!۔ ٭ رپورٹس کے مطابق ریاض نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ایران کی طرف سے حملے کا خطرہ ہے۔ سعودی عرب نے اس سلسلے میں امریکہ سے معلومات شیئر کی ہیں۔ ایران نے ان رپورٹس کو بےبنیا د قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزام تہران کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش ہے۔۔۔وائس آف امریکہ اردو لگتا ہے بندر اپنے مفاد کے لئے بلیوں میں لڑائی کرا کر ہی دم لے گا، اور بیچاری بلیاں یہ جانتے ہوئے بھی کہ یہ لڑائی انہیں برباد کر دے گی ، اس میں مشغول ہوجائیں گی۔ ٭ دہلی میں آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کی وجہ سے ، قومی راجدھانی کے تمام پرائمری اسکولوں کو ہفتہ سے اس وقت تک کے لئے بند کر دیا جائے گا جب تک کہ ہوا کا معیار بہتر نہیں ہو جاتا۔۔۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا اعلان فضا میں آلودگی کو بڑھاوا دے کر قدرت کے ساتھ مذاق کرنے کا اگر یہ انجام ہوسکتا ہے کہ آپ کے نو نہالوں کی تعلیمی یعنی ترقی کے سفر پر روک لگ سکتی ہے تو سوچ کر دیکھئیے انسانی ذہنوں کو آلودہ کر کے انسانیت کے ساتھ مذاق کرنے کا انجام کیا ہوسکتا ہے۔ ٭ بدعنوانی ایک برائی ہے جس سے ہمیں دور رہنا چاہئے۔۔۔ ویجیلنس بیداری ہفتہ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دِکھانے کے اور شاید ایسے ہی موقع پر کہا جاتا ہے۔ ٭ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں اللہ والا چوک میں مرکزی کنٹینر کے قریب فائرنگ ہوئی ہے، جس میں تحریک انصاف کے مطابق عمران خان سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔۔۔ بی بی سی اردو اس فائرنگ کے بعد جس قسم کی الزامی بیان بازیاں اور ہنگامہ آرائیاں چل رہی ہیں اس کو دیکھ کر اورفائرنگ میں شامل کردار کے اقبالی بیان کو سن کر یوں لگنے لگا ہے کہ کہیں یہ سارا عمل کوئی سیاسی ڈرامہ تو نہیں ہے کیونکہ موجودہ دور کی سیاست میں کچھ بھی ممکن ہے اور اس کا باوا آدم ہی نرالا ہے۔ ٭ ہم اگنی پتھ اسکیم کو منسوخ کر دیں گے جب مرکز میں ہماری حکومت بنے گی۔ ہم جو وعدہ کرتے ہیں، اسے پورا بھی کرتے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں، ہم نے کسانوں کے قرض کی معافی کا وعدہ کیا تھا اور اس پر عمل کیا گیا۔۔۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا میں اس کے وعدے کا اب بھی یقین کرتا ہوں ہزار بار جسے آزما لیا میں نے ٭بھارت 2050 تک سب سے زیادہ مسلم آبادی والے ملک کے طور پر انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑنے والا ہے۔۔۔ آر ایس ایس کے رہنما رام مادھو، (انڈونیشیا میں منعقدہ جی 20 کے مذہبی فورم آر 20 میں) لگتا ہے سنگھ پرچارک بڑی دور کی کوڑی لائے ہیں۔ اس بھوش وانی پر انہیں سمانت کرنے کی ضرورت ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی