تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی
٭ یہ ہر ایک کانگریسی کا فرض ہے کہ وہ ہماری جمہوریت اور آئین کو محفوظ رکھے۔ اگر ہم نے ایسا نہیں کیا تو بی جے پی، آر ایس ایس اوروزیر اعظم نریندر مودی ملک کو تباہ کر کے اسے آمریت کے راستے پر لے جائیں گے۔۔۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے
بات تو سچ ہے، لیکن موجودہ حالات میں یہ ایک اکیلے کانگریس کے بس کی بات نہیں ہے اس کے لئے تمام ہم خیال حزب اختلاف کو ایک سطح پر جمع ہونا ہوگا، مگر مستقبل قریب میں ایسا ہوتا ہوا تو نظر نہیں آرہا ہے۔ کاش اس سے پہلے کہ پانی سر سے گذر جائے بات سبھوں کی سمجھ میں آجائے۔
٭ہندوستان میں اقلیتیں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ محفوظ ہیں۔۔۔ امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت نتیانند رائے
وہ تو جگ ظاہر ہے، ابھی کچھ دن پہلے بر سر اقتدار گروہ سے وابستہ ایک ممبر پارلیمنٹ کا بیان جس میں وہ ایک طبقے کو دوسرے طبقے کا خوف دلا کر انہیں ہمیشہ ہتھیار گھر میں رکھنے کی ترغیب دیتی نظر آرہی تھیں اس کی مثال میں پیش کیا جاسکتا ہے۔
٭ ایک نئی تحقیق کے مطابق، مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی نے برطانیہ میں فالج کے مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تعداد میں تین گنا اضافہ کر دیا ہے جو اپنے روزمرہ کے امور سر انجام دینے کے قابل ہو چکے ہیں۔۔۔ وائس آف امریکہ
بے شک قدرت سوچنے اور غور و فکر کرنے والوں کے لئے ترقی کے ایسے ایسے دروازے کھولتی ہے کہ عقل حیران رہ جائے۔ اس میں سمجھنے والوں کے لئے بہت ساری نشانیاں ہیں۔
٭ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے خلاف مقدمہ دوبارہ کھولنے کے سی بی آئی کے اقدام کو ریاست میں مہاگٹھ بندھن حکومت بنانے کے لیے اپنی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانا قرار دیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس
اگر معاملہ ایسا ہے اور یقناً ایسا ہی ہے تو مہا گٹھ بندھن کے نیتاؤں کو چاہئے کہ وہ دفاعی انداز اختیار کر کے اس کے خلاف سیاسی بیان بازی کرنے کے بجائے اپنا مقدمہ موثر انداز میں عوام کے آگے رکھنے میں مصروف ہوجائیں، ممکن ہے اس طرح اپنے خلاف رچی جانے والی سازشوں کو وہ ناکام کر سکیں۔
٭گجرات میں پولیس نے ایک فوجی کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس شکایت کے مطابق میلاجی واگھیلا پر اس وقت حملہ کیا گیا جب انھوں نے اپنی نوعمر بیٹی کی ویڈیو آن لائن پوسٹ کیے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔۔۔ بی بی سی اردو
یعنی سب کا نمبر آنا شروع ہوگیا ہے، اگر عوام اب بھی سنبھل کر نفرت اور تشدد کی اس فضا کو جو چند سرمایہ داروں اور سیاست دانوں نے اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے پھیلا رکھا ہے بھائی چارگی اور محبت سے بدلنے کی کوشش نہیں کی تو وہ دن دور نہیں جب ملک کا ایک بڑا حصہ اس قسم کے واقعات کی لپیٹ میں آجائے گا ۔
لگے گی آگ تو آئیں گے گھر کئی زد میں
یہاں پہ صرف ہمارا مکان تھوڑی ہے
٭بحیرہ اسود ترکیہ کے لئے توانائی کا خزانہ ثابت۔710 ارب کیوبک میٹر گیس بحیرہ اسود سے دریافت ہو چکی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو 1000 ارب ڈالر سے زائد ہے، بحیرہ اسود سے گیس کی دریافت اب تک دنیا میں گیس کی سب سے بڑی دریافت ہے، اس سے پہلے مصر میں 650 ارب کیوبک میٹر گیس دریافت ہوئی تھی۔۔۔ ترکیہ اردو
اب بات سمجھ میں آئی کہ انکل سام اور ان کے حواری ترکی کو لے کر اتنی چنتا کیوں کرتے رہتے ہیں، شاید انہیں خوف لاحق ہوگیا ہے کہ یورپ کا یہ مرد بیمار کہیں اپنی پرانی شان برقرار نہ کرا لے۔
٭ کرناٹک ہمیں چیلنج نہ کرے، ہم بیلگام، نیپانی، کاروار، بیدر، بھالکی سمیت 865 گاؤں کی ایک انچ زمین بھی نہیں چھوڑیں گے۔ اس کے لیے، ہم قانونی طریقے سے جو چاہیں گے کریں گے، ہم سپریم کورٹ اور مرکزی حکومت سے درخواست کریں گے۔۔۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے
بات ہضم ہی نہیں ہورہی ہے ، جب دونوں ریاستوں اور مرکز میں ایک ہی پارٹی کی حکومتیں ہیں اور وہ بھی ایسی پارٹی کی جو مضبوط وفاق کے بجائے مضبوط مرکز پر یقین رکھتی ہے، اس طرح کے مسائل کا اس طرح اچھل کر سامنے آنا ملک کے مستقبل کے لئے کوئی اچھا شگون نہیں ۔
٭ اگر ہم مستقبل میں ہندوستان کو کامیابی کی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں تو ہمیں ماضی کے تنگ نظریوں سے آزاد ہونا ہوگا ۔۔۔ ویر بال دیوس تقریب میں وزیر اعظم مودی
کیا ہی شاندار جملہ ہے، کاش صاحب اور ان کے مصاحب خود اس پر عمل کر لیں تو ملک امن و سکون کا گہوراہ بن سکتا ہے اور دنیا بھر کے لئے ایک مثال بھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment