تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق رفیقی

٭ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کانچی پورم میں کلئنجر مگالیر اُرمئی ڈتھتم (کلئنجر خواتین کے حقوق گرانٹ اسکیم) کا آغاز کیا جس کے تحت خاندان کی خواتین سربراہان کو ماہانہ 1,000 روپے فراہم کیے جائیں گے۔۔۔ آئی اے این ایس خواتین کی خود اعتمادی کو مضبوط کرنے اور ان کو با اختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت، اسے کہتے ویلفیر اسٹیٹ، سمجھے صاحب جی!! ٭ امریکی صدر جو بائیڈن کے دوبارہ انتخاب کے امکانات کو ان کی عمر، معیشت اور جرائم پر رائے دہندگان کے خدشات کی وجہ سے خطرے میں ڈالا جا رہا ہے، رائٹرز/اپسوس پول کے مطابق، ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے وائٹ ہاؤس میں واپسی کا موقع پیدا ہو گیا ہے۔۔۔ ریوٹرس یہ صرف ایک خدشہ ہے، ابھی دلی بہت دور ہے، اقتدار کی چھری بائیڈن کے ہاتھ میں رہے یا ٹرمپ کے ہاتھ میں ذبح کے لئے بکری تو تیسری دنیا ہی سے آئے گی نا!! کیا سمجھے!!! ٭بی جے پی کی کرناٹک یونٹ نے خود کو ہندوتوا کارکن چترا کنڈا پورہ سے الگ کر لیا ہے، جسے اس سال کے شروع میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے بی جے پی کے ٹکٹ کا وعدہ کرنے کے بعد ایک صنعتکار کو 5 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔۔۔ آئی اے این ایس ہائے ہائے!! یہ تو ان کی پرانی عادت ہے، ہریانہ میں اپنے ایک بھگت کے ساتھ بھی انہوں نے ابھی حال میں ایسا ہی کیا ہے بقول شاعر مطلب نکل گیا ہے تو پہچانتے نہیں یوں جا رہے ہیں جیسے ہمیں جانتے نہیں ٭چین میں ہائی پروفائل کارپوریٹ سربراہ کو عدالت نے سزائے موت سنا دی، چائنا لائف انشورنس کے سابق سربراہ وینگ بن کو مالیاتی شعبے میں کرپشن پر سزا دی گئی، صدر شی جن پنگ نے مالیاتی شعبے میں کرپشن کے خلاف جو کریک ڈاؤن شروع کیا ہے اس میں یہ پہلی ہائی پروفائل سربراہ کی پہلی سزا ہے۔۔۔ ترکیہ اردو ہمارے یہاں ایسا نہیں ہوتا ، ہم بڑے دیالو لوگ ہیں، ہم ایسوں کو معاف کرکے یا سزا سے بچا کر پھر سے کرپشن کرنے کا موقعہ فراہم کرتے ہیں۔ یہ چین والے کبھی ہمارے پاسنگ کو نہیں پہنچ سکتے۔ ٭دہلی ہائی کورٹ نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) سے کہا ہے کہ وہ آوارہ کتوں کی لعنت کے اہم مسئلے کے بارے میں فوری اور مناسب کارروائی کرے۔۔۔ آئی اے این ایس کاش اُن آوارہ لیڈروں کو لے کر بھی جو ہڈیوں کی تلاش میں کبھی اس پارٹی کبھی اس پارٹی کبھی اس نکڑ کبھی اس نکڑ بھٹکتے رہتے ہیں کارپوریشن ایسی کوئی کاروائی کرے تو کتنا اچھا ہوگا۔ شہر صاف ستھرا ہوجائے گا۔ ٭کم جونگ ان نے امریکہ کی جانب سے حال ہی میں کسی بھی جگہ اور کسی بھی وقت پر مذاکرات کی پیشکش کا جواب نہیں دیا لیکن انھوں نے اپنی بھرپور کوشش سے ثابت کیا کہ وہ ایک بڑا خطرہ ہیں۔۔۔ بی بی سی اردو اور یہ خطرہ صدام حسین کے ویپن آف ماس ڈسٹرکشن کی طرح نہیں سچ مچ کا ہے اس لئے انکل سام کسی بھی جگہ کسی بھی وقت پر مذاکرات کی پیشکش کا جواب نہ ملنے کے باوجود دم سادھے بیٹھے رہیں گے ، ہے نا مزے کی بات!!!! ٭ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ ریاستی حکومت ڈی سی پی اور ایس پی سطح کے افسران کو اپنے دائرہ اختیار میں جرائم کا ذمہ دار ٹھہرائے گی۔۔۔ آئی اے این ایس اگر ہر ریاست میں ایسا اعلان ہوجائے اور اس پر عمل بھی ہوجائے تو وطن عزیز چند مہینوں میں جرائم سے پاک ہوکر ترقی کے آسمانوں کو چھو سکتا ہے۔ ٭لیبیا میں طوفان کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ شہر درنہ کے میئر عبدالمُنعم الغیثی نے عرب ٹیلی ویژن العربیہ کو بتایا ہے کہ صرف ان کے شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 18 سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا خدشہ ہے۔۔۔ ڈی ڈبلیو اردو ایسا کیوں ہے کہ آج کل جتنے بھی قدرتی حادثات پیش آرہے ہیں وہ مسلم اکثریتی ملکوں میں ہی پیش آرہے ہیں۔ کہیں اس کی وجہ آپسی خلفشار و خانہ جنگی اور انتظامی معاملات سے بے اعتنائی تو نہیں؟ ٭ترکیہ کی ایران کو وارننگ،روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان نے اپنے حالیہ دورہ میں ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ آذربائیجان کے معاملات میں مداخلت سے باز رہے ورنہ ترک فوج فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرے گی۔۔۔ ترکیہ اردو اتحاد کے نام نہاد مبلغین کو مبارک ہو۔ امت کی صفوں میں ایک اور آپسی محاذ کی تیاری شروع ہوچکی ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

اِتمام حُجت کس پر؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسانغنی مشتاق احمد رفیقیؔ

تلخ و ترش ............ اسانغنی مشتاق رفیقی